واشنگٹن (92 نیوزرپورٹ،این این آئی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے مجوزہ صدارتی امیدوار جوبائیڈن کے سیاہ فام سینیٹر کملا ہیریس کو اپنا نائب صدرنامزد کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی ہولناک خاتون ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کملا ہیریس امریکی سینٹ کی سب سے ہولناک رکن ہیں، حیرت ہے کہ جو بائیڈن نے انہیں نائب کیسے چن لیا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس بریٹ کیواناگ کی 2018میں توثیق کے موقع پر بھی کملاہیرئس انتہائی بے ادب تھیں۔ کملا ہیریس جب خود صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل تھیں تو انکی پرفارمنس متاثر کن نہیں تھی، اسلئے بھی زیادہ حیران ہوں کہ جو بائیڈن نے یہ فیصلہ کیوں کیا۔ یہ ایک ایسی خاتون ہیں جنھوں نے متعدد ایسی کہانیاں گھڑیں جو درست نہیں تھیں،کمالہ کا بائیڈن کیساتھ ڈیموکریٹک پرائمری بحث کے دوران رویہ تضحیک آمیز تھا اور کسی ایسے شخص کا انتخاب کرنا جو آپکی بے عزتی کرے یقیناً خاصا مشکل ہوتا ہے ۔علاوہ ازیں سابق صدر باراک اوباما نے کملا ہیرس کی حمایت میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عہدہ کیلئے ضرورت سے زیادہ تیار ہیں،جو بائیڈن نے درست فیصلہ کیا ہے ۔امریکی تاریخی میں یہ پہلی مرتبہ کسی سیاہ فام خاتون کو نائب صدر کیلئے چنا گیا۔