واشنگٹن(اے ایف پی،نیٹ نیوز)امریکی کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے آ ج دوبارہ حملے کے خطرے کے پیش نظر ارد گرد حفاظتی انتظامات ایک بار پھر سخت کر دیئے گئے ہیں۔کانگریس کی حفاظت پر مامور خصوصی پولیس سکواڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملنے والی بعض تشویشناک رپورٹوں کے بعد حفاظتی انتظامات میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق اسے خطرہ ہے کیو اینان نامی گروپ کانگریس کی عمارت پر ہلہ بول سکتا ہے جس نے چار مارچ کو ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کا اعلان کر رکھا ہے ۔سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اگر چہ ابھی تک انہیں تشدد پسند گروہوں کے واشنگٹن میں داخلے کے مصدقہ شواہد نہیں ملے تاہم کانگریس کے گرد حفاظتی انتظامات میں پیشگی اضافہ کردیا گیا ہے ۔