اسلا م آباد ، لاہور، ملتان، کراچی، حیدرآباد، پشاور، کوئٹہ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان ، 92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید9 افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد6977ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں1650نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 344839ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 18981ہو گئی،972مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور318881صحتیاب ہو چکے ۔ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.5 فیصد تک بڑھ گئی،15 بڑے شہر وبا کے نشانے پر ہیں۔این سی او سی میں اجلاس کے دوران کیسز میں اضافے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ گلگت میں کیسز کی شرح 15.38، ملتان میں 15.97، مظفرآباد میں 14.12، میرپور میں 11.11، پشاور میں 9.69، کوئٹہ میں 8.03، اسلام آباد میں 7.48، کراچی میں 7.12، لاہور میں 5.37فیصد اور راولپنڈی میں 4.63فیصد ہے ۔ملک میں 4136مقامات پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون کیا گیا۔ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ٹی ٹی کیو حکمت عملی پرعمل کیا جا رہا ۔ 16بڑے شہروں میں لگائی گئی حالیہ پابندیاں 31 جنوری 2021 تک نافذ رہینگی۔ ملک بھر کے ہسپتالوں کو 2811 آکسیجن بیڈز اور 13 ہزار آکسیجن سلنڈرز دیئے جا چکے ۔ این سی اوسی نے احتیاطی تدابیر پرعملدرآمد پر صوبوں کی کارکردگی کو سراہا۔ بڑھتے کیسز کے پیش نظر آزاد کشمیر میں میر پور کو وبا سے شدید متاثرہ ضلع قرار دیدیا۔ غیر مقامی افراد کے بلا ضرورت میرپور میں داخلے پر پابندی ہو گی جبکہ مقامی افراد پر بھی بغیر کسی معقول وجہ دوسرے اضلاع میں آنے جانے پر پاپندی ہو گی۔ سرکاری ملازمین اور افسروں کو سرکاری امور کی انجام دہی کیلئے مظفرآباد جانے کی صرف ناگزیر حالات میں اجازت ہو گی اور وہ واپسی پر گھروں میں قرنطینہ ہونگے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزیدایک مریض کی جان چلی گئی جبکہ345نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 174،راولپنڈی 41،لیہ2،ملتان میں50کیسز سامنے آئے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات پنجاب طاہر خورشید بھی متاثر ہوگئے اورخود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔نشتر ہسپتال میں مزید 2مریضوں نے دم توڑ دیا۔خانیوال میں گورنمنٹ ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول کو 3 اساتذہ اور 2 طلبامیں وائرس کی تصدیق پر14 روز کیلئے بند کر دیا گیا۔اوکاڑہ میں سپیشل ایجوکیشن سکول کی ٹیچر آسیہ ناہید کا ٹیسٹ پازیٹو آیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بیان میں کہا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے وسیع تر مفاد میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے ،باہر نکلتے وقت ماسک کی پابندی ہر شہری کیلئے لازم ہے ، ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں۔علاوہ ازیں پنجاب کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے خصوصی اجلاس میں مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کااظہار اور 2 شہروں لاہور اور ملتان کے مختلف علاقوں اور دیگر کورونا متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعض مارکیٹوں اور بازاروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا گیا اورخلاف ورزی کرنیوالی مارکیٹوں اور بازاروں کو بند کرنیکا فیصلہ کیا گیا ۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب میں پازیٹو کیسوں میں اضافہ ہورہاہے ۔صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہاکہ جن علاقوں میں کورونا مریضوں میں اضافہ ہوا وہاں سمارٹ لاک ڈاؤن کیاجائیگا۔کورونا کی دوسری لہر پر قابوپانے کیلئے ہر ضروری اقدام کرینگے ۔بازاروں اور مارکیٹوں میں ماسک پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے ،تاجر تنظیمیں اسکی پابندہونگی،ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالی مارکیٹوں او ر بازاروں کو وارننگ کے بعد سیل بھی کیاجائیگا۔اجلاس میں شادی ہالوں اور مارکیز میں شادی بیاہ کی تقریبات کے حوالے سے ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی کوکوروناہسپتال قراردینے کافیصلہ کیا اور ریپڈٹیسٹ متعارف کرانے کی تجویزپربھی غورکیا گیا ۔ لاہور میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر17 علاقوں میں مائیکر و سمارٹ لاک ڈائون لگایا جائیگا ۔ سی بلاک نیو مسلم ٹائون ، علامہ اقبال ٹائون کے رضا ، سکندر اور عمر بلاک ، گارڈ ن ٹائون کے کچھ علاقے ، کیولری گرائونڈ، ڈی ایچ اے فیز ون ڈبل اے بلاک ، ہائوس بلڈنگ فنانس کارپویشن سوسائٹی کا بی بلاک ، ڈی ایچ اے فیز 6کے ایل سیکٹر کی 2 گلیاں اور اے سیکٹر کی ایک گلی ، عسکری 11 کی 2گلیاں ، انار کلی ، مزنگ، شادمان اور گلشن راوی شامل ہیں جبکہ ملتان کے علاقے نقشبند کالونی، گل گشت کالونی، میپکو کالونی،سعادت کالونی اور ملتان کچہری کے علاقے کو بھی سیل کیا گیا ۔لاہور میں گورنمنٹ ایم اے او کالج کی ٹیچر اورگورنمنٹ رابعہ بصری کالج کی طالبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی، کوروناسے متاثرہ شہروں میں سرفہرست آگیا۔ خیبر پختونخوا میں مزید 2مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ نشترہال پشاور کو ہرقسم سرگرمیوں کیلئے بندکردیاگیا۔بلوچستان میں 6طالبعلموں سمیت 46نئے مریض سامنے آگئے ۔دنیا بھر میں ہلاکتیں 1267044سے زائدہوگئیں۔امریکہ میں 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 26 ہزار سے زائداور برطانیہ میں 20 ہزار سے زائد نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی جبکہ امریکہ میں ایک ہزار سے زائدافراد چل بسے اور برطانیہ میں ایک دن میں 156 اموات ہوئی ہیں۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کورونا کا شکار ہو گئے ۔سوئٹزرلینڈ میں کورونا کے انسداد کیلئے فوج کو دوبارہ طلب کر لیا گیاہے ۔ہنگری میں کرفیو نافذ جبکہ جزوی طور پر لاک ڈاؤن بھی کیا گیا ہے ۔