نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیرکے معاملے پر بھارت کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔پاکستان کی ایک اور سفارتی کامیابی دنیاکے سامنے آگئی۔مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیاگیا ۔ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر پر ہونے والے سلامتی کونسل کے بند کمرہ مشاورتی اجلاس سے متعلق اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی غیر مستحکم صورتحال پر ہونے والے اجلاس میں 1965ء کے بعد پہلی بار مسئلہ کشمیر پر براہ راست غور کیا گیا ہے ۔ سلامتی کونسل نے بھارتی اقدام کے باعث خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا اعادہ کیا ۔ بیان میں 8 اگست کو اقوامتحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان کا حوالہ بھی دیا گیا۔بیان میں چینی مندوب کی نیوز کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ چینی مندوب نے پاکستان اور بھارت کو مزید کشیدگی بڑھانے سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت ایسا کوئی قدم نہ اٹھا ئیں جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بنے ۔اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستانی مندوب کی نیوز کانفرنس کا ذکر بھی کیا گیا جس میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا اجلاس میں بھارتی موقف کی نفی ہوئی ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے ۔