لاہور،چیچہ وطنی(خصوصی نمائندہ،نمائندہ 92 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال او رجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔صوبائی وزیرڈاکٹر اختر ملک،چیف وہیپ قومی اسمبلی ایم این اے عامر ڈوگر،ایم این اے زین قریشی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل فعال کرنے کے لئے فوری طورپر انتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز کو جلد تعینات کر دیا جائے گا اورمحکموں کے سیکرٹریز مکمل با اختیار ہوں گے ۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی و مالیاتی لحاظ سے خود مختاری دی جائے گی۔ملتان ڈویژن، بہاولپورڈویژن اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے متعلقہ امور مقامی طورپر نمٹائے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان میں 100بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ یہ ہسپتال غلہ منڈی کی پرانی عمارت کی جگہ پر بنایاجائے گا۔ملتان میں واسا اور سیوریج سے متعلقہ مسائل فوری حل کئے جائیں گے ۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے منڈی فیض آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید پولیس کانسٹیبل اشرف کی بہادری و جرأت کوخراج عقیدت پیش کیااورلواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت شہید کانسٹیبل اشرف کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے شفیق آباد میں ڈور پھرنے سے 4سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اوارغفلت کے ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ واضح ہدایات کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات کارونما ہونا افسوسناک ہے ۔ادھر وزیراعلیٰ کا دورہ سمبڑیال اچانک ملتوی ہوگیا جبکہ آج چیچہ وطنی کا دورہ متوقع ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر گانے کی عکس بندی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف سے رپورٹ طلب کرلی اور واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی نے کہا جو بھی ذمہ دار ہواس کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے ۔کسی کو بھی مسجد کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔