اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام ملک بھر سے صحافیوں کی نمائندہ ریلی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد سے لائن آف کنٹرول کی طرف روانہ ہوگئی، لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر پر صحافیوں کی طرف سے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرائے جائیں گے اور بھارتی جارحیت کیخلاف مظاہرہ کیا جائے گا۔ جمعہ کی سہ پہر وزیر امور کشمیر علی امین خان گنڈاپور، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور بھارتی جیل میں قید یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے صحافیوں کی ریلی کو رخصت کیا۔وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے حکومت پاکستان روڈ میپ وضع کررہی ہے ، ہر فورم پر جائیں گے ۔مسئلہ کشمیر پر روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت ہو رہی ہے ،مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔قبل ازیں پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم اور پی یو جے کے صدر شہزاد حسین بٹ کی قیادت میں لاہور پریس کلب سے صحافیوں کا قافلہ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی سے چکوٹھی سیکٹر آزاد کشمیر روانہ ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا عظیم نے کہا کہ بھارت کی بزدل فوج کی جانب سے 23 صحافی بھائیوں کو شہید کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔