لاہور؍ ملتان؍ اسلام آباد (جنرل رپورٹر؍ اپنے سٹاف رپورٹر سے ؍ سپیشل رپورٹر؍ صباح نیوز)پاکستان میں 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید36 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والے کل مریضوں کی تعداد12563تک پہنچ گئی۔24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1340نئے کیسز سامنے آئے ہیں،وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ69ہزار846تک پہنچ گئی، فعال کیسز کی تعداد24081 ہے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ روز 3 اموات ہوئیں۔پنجاب میں مزید 19 اموات ہوئیں اور 534 نئے کیسز سامنے آئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق کورونا سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح2.2فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 93.6فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظرلاہورکے مزید 7 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے کہا کہ لاہور میں جوہر ٹاؤن مکان نمبر705Fسے 717F،گلی نمبر 21بلاک Sفیز2ڈی ایچ اے ،مکان نمبر18سے 20،آصف بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا،مکان نمبر 390سے 393بلاک Aگلشن راوی،L29بلاک Cسروس کوارٹر نزد UETمکان نمبر56سے 66تک،باجوہ ہاؤس سٹریٹ نزد گول باغ، شاد باغ اور خالق سٹریٹ سلطان محمود روڈپر گلی نمبر 7 میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا،لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز،ریسٹورانٹ،دفاتر(نجی اور سرکاری)بند رہیں گے ۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ 60 سال اور زائدعمر کے عام شہریوں کے لئے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا،ویکسی نیشن کا آغاز مارچ کے پہلے ہفتے میں کر دیا جائے گا۔دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد11 کروڑ 14 لاکھ کے قریب پہنچ گئی جبکہ ہلاکتیں 24لاکھ 75 ہزار ہوگئی ہیں۔امریکہ میں گزشتہ روز 2469 اور برازیل میں 1267 افراد لقمہ اجل بنے ۔امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ روز دوا ساز کمپنی فائزر کے ایک پلانٹ کا دورہ کیا اور اس موقع پر اپنے عوام کو ایک مرتبہ پھر یقین دہانی کرائی کہ کورونا سے بچائو کی ویکسین محفوظ ہیں۔بائیڈن نے لوگوں سے التجا کی وہ بلا شکوک و شبہات اپنے اور اپنے اہل خانہ کو ویکسین لگوائیں ۔سعودی حکام نے پابندیوں والے ممالک کے شہریوں کیلئے واپس اپنے ملک جانے کے متعلق ہدایت میں کہا ہے کہ انہیں اپنے وطن واپس جانے کے لئے سعودی حکومت سے کوئی خصوصی سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ وبائی ماہرین کی ایک عالمی ٹیم نے 81 ممالک سے دستیاب اعداد و شمار کی مدد سے تخمینہ لگایا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے جاری عالمی کورونا وبا سے مجموعی طور پر انسانی زندگی کے 2 کروڑ 5 لاکھ (20.5 ملین) سال کم ہوگئے ہیں۔