اسلام آباد،لاہور ، واشنگٹن ( خبر نگار خصوصی، جنرل رپورٹر ،نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کوروناکے مزید 8مریض جاں بحق ہو گئے جبکہ 634 نئے کیس سامنے آگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ کیس 284121 جبکہ ہلاکتیں 6082 ہو گئیں۔ 260248 مریض صحتیاب ہوچکے ۔ فعال کیس 17791رہ گئے ۔153 مریض وینٹی لیٹرزپر ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23390 ٹیسٹ کیے گئے ، ابتک 2127089 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔ پنجاب میں کورونا کے 137نئے کیسوں کی تصدیق کے بعد تعداد94360 ہو گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکیمطابق لاہور 49، گوجرانوالہ 13،راولپنڈی12 ، سیالکوٹ،فیصل آباد 8،8، گجرات،ملتان7،7، منڈی بہاؤالدین4،اوکاڑہ ،ٹوبہ3،3،شیخو پورہ ، جھنگ ،ساہیوال،سرگودھا ،مظفر گڑھ،ڈیرہ غازیخان،نارووال2،2، حافظ آباد ،رحیمیار خان، قصور ،میانوالی،وہاڑی، خوشاب ،چنیوٹ، بہاولپور،راجن پور1،1کیس رپورٹ ہوا۔ ترجمان کے مطابق کورونا سے 3مزید اموات کے بعد کل تعداد2169 ہوگئی ۔ابتک775969ٹیسٹ کیے جا چکے ۔ کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 86266 ہو گئی۔ادھردنیا بھر میں کورونا متاثرین 2 کروڑ جبکہ ہلاکتیں 7لاکھ 32ہزار کے قریب پہنچ گئیں۔ برازیل میں متاثرین 30لاکھ سے بڑھ گئے ۔ بھارت میں متاثرین 22لاکھ جبکہ اموات سے 44ہزار سے متجاوز ہو گئیں۔شارجہ میں عجائب گھرکھل گئے ۔ غزہ کی پٹی میں سکول پانچ ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے ۔ لاہور، کراچی ، کوئٹہ ،پشاور( کلچرل رپورٹر، جنرل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر، نیوز رپورٹر،92 نیوز رپورٹ ،نیوزایجنسیاں) ملک میں کورونا وائرس کے اثرات کم ہونے لگے ، زندگی معمول پر آنے لگی۔ آج سے ریسٹورنٹ، کیفے ، تھیٹر ، جِم، بیوٹی پارلر، سینما ہال، مزارت ، بزنس اورایکسپو سنٹرایس او پیز کے تحت کھل جائیں گے ۔کبڈی، کشتی، رگبی کے علاوہ باقی سپورٹس کی اجازت ہو گی، ٹرانسپورٹ پر عائد بندشیں بھی ختم کر دی گئیں۔ میٹرو سروس بھی فعال ہو جائے گی تاہم کھڑے ہوکرسفرکی اجازت نہیں ہوگی۔ تعلیمی ادارے اور شادی ہال 15 ستمبرسے کھولے جا سکیں گے ۔سندھ میں آج سے دکانیں ،شاپنگ مال ،تجارتی مراکزمعمول کے مطابق کھلیں گے ۔ ہوٹل ، ریسٹورنٹس میں ٹیبل سروسز کی اجازت دیدی گئی۔تعلیمی ادارے ، شادی ہال اور مزارات15ستمبر سے کھولے جائیں گے ۔ خیبر پختونخوا میں تعلیمی اداروں اور شادی ہال کے علاوہ باقی تمام شعبے آج سے کھل جائیں گے ۔حکومت بلوچستان نے 5ماہ بعد لاک ڈائون ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ صوبے میں دکانیں، شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز معمول کے مطابق کھلیں گے ۔ پنجاب میں سنیما اورتھیٹر کھولنے سے متعلق ایس اوپیزجاری کردیئے گئے ۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے نوٹیفکیشن کے مطابق بغیر ماسک سینما اورتھیٹرمیں داخلے پرپابندی ہوگی۔تھیٹریا سینما ہال میں 40 فیصد کسٹمرزکوآنے کی اجازت دی جائے ۔ ہیڈ سینٹائزر کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ہال میں داخل ہونے سے پہلے تھرمل سکینرسے ٹمپریچر لازمی چیک کیا جائے ۔6فٹ کے سماجی فاصلے کو لازمی برقرار رکھا جائے ۔ اِن ڈور بند ہالز کی بجائے کھلے اوپن ایئر تھیٹرز کو ترجیح دی جائے ۔ خود براہِ راست ٹکٹ خریدنے کی بجائے آن لائن ٹکٹ خریدیں۔کسی بھی تقریب کا وقت3 گھنٹے سے زائد ہرگز نہ رکھا جائے ۔ ہرشوکے بعد سینما یا تھیٹرکوڈس انفیکٹ کرنا لازمی ہوگا۔ سینما اورتھیٹرز40 سے 60 منٹ دورانیے کے شوزآفرکریں گے ۔ شوکے آغازپرکورونا سے بچاؤ سے متعلق آگہی اشتہارچلایا جائے گا۔