اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،تتہ پانی، محسن وال (وقائع نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر، نیوز رپورٹر، خصوصی نمائندہ،92نیوز رپورٹ) بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے ایک مرتبہ پھر سیز فائز معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 3پاکستانی فوجی شہیدہوگئے جبکہ پاک فوج کی فوری جوابی کارروائی سے بھارتی فورسز کے 5 اہلکار ہلاک اورکئی زخمی ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربرہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی فورسز کی ایل او سی پر بلا اشتعال شدید فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے ۔ شہداء میں 37سالہ نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان شامل ہیں۔ شہید نائیک تنویر اور سپاہی رمضان کا تعلق خانیوال سے جبکہ لانس نائیک تیمور کا تعلق لاہور کے علاقہ پیر غازی روڈسے ہے ۔ پاک فوج کی موثر اور منہ توڑ جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کوناقابل تلافی نقصان پہنچا۔پاک فوج کے منہ توڑ جواب کے نتیجہ میں5 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے اوربڑی تعداد میں زخمی بھی ہوگئے ۔ پاک فوج نے بھارتی فورسز کے متعدد بنکر بھی تباہ کر دیئے ۔ فائرنگ کا تبادلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد بڑھتے ہوئے دبائو کو موڑنے کیلئے اس طرح کے اقدام کر رہا ہے ۔علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق بٹل سیکٹر میں بھارتی افواج کی شدید گولہ باری سے 2 شہری محمد عزیز ولد کالا خان ساکنہ ناطر موقع پر جبکہ محمد منیب ولد محمد رشید ساکنہ بٹل ہسپتال لیجاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے اور قاری محمد نقیب ولد سائیں غلام حیدر شدید زخمی ہوگیا جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔بھارتی گولہ باری سے متعدد مکان تباہ ہوگئے اورگاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔بھارتی افواج کی جانب سے بٹل سیکٹر میں سویلین آبادی کے علاقوں لچیال، ناطر، بٹل چھتروٹہ، سلوئی منڈہول وغیرہ کو نشانہ بنایا گیا۔شدید گولہ باری کے باعث پورا سیکٹر میدان جنگ کا منظرپیش کرتا رہا، گولہ باری سے تتہ پانی تا بٹل مدارپور اور تتہ پانی تا ہجیرہ روڈز پر گھنٹوں ٹریفک معطل رہی، عوام گھروں کے اندر محصور رہے اورمعمولات زندگی مفلوج ہوکررہ گئے ۔دریں اثنا پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ایل او سی پرسیز فائر معاہدہ کی خلاف ورزیوں اور شہادتوں پرشدید احتجاج کیا۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک، وزارت خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے لیپا اور بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور اسکے نتیجہ میں پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادتاورسیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا۔پاکستان کی جانب سے بھارت پر 2003 کی جنگ بندی کا احترام کرنے کا زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت اپنی افواج کوسیزفائر سمجھوتے پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے اورایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت امن برقرار رکھے ۔ بھارتی فوج کی جانب سے لگاتارسیزفائرکی خلاف ورزی کی وجہ سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔بھارتی خلاف ورزیوں سے خطے میں سٹریٹجک غلطی ہوسکتی ہے ۔بھارتی فوج ایل اوسی کا احترام کرے ۔بھارتی فوج اقوام متحدہ ملٹری آبزرورگروپ کو کنٹرولائن کی صورتحال کا جائزہ لینے دے جبکہ بھارت اقوام متحدہ کے امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کردار ادا کرنے دے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی جبکہ شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی جبکہ شہید ہونیوالے فوجی جوانوں کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے انکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے بھی بھارتی فورسز کی ایل او سی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی اور پاک فوج کے شہیدجوانوں کے بلند درجات کیلئے دعا اورانکے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ مودی کے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم سے توجہ ہٹانے کے ہتھکنڈے اب ناکام ہونگے ۔اطلاعات کے مطابق ایل او سی نکیال سیکٹر مظفر آباد پر بھارتی فوج کی فائرنگ شہیدہونیوالا پاک فوج کا سپاہی محمد رمضان گاؤں67 پندرہ ایل وجھیانوالا کا رہائشی تھا۔شہید محمد رمضان کے سوگواروں میں والدین، ایک بھائی، تین بہنیں اور بیوہ شامل ہیں۔ شہیدسپاہی رمضان نے 3سال پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔شہید نائیک تنویر نے 14سال پاک فوج میں خدمات انجام دیں۔شہید نائیک تنویرنے سوگواران میں ایک بیٹا اور2بیٹیاں چھوڑی ہیں۔26سالہ شہیدلانس نائیک تیمورنے 8سال پاک فوج میں خدمات انجام دیں، دو سال قبل شادی ہوئی تھی اور انکی ایک بیٹی ہے ۔شہیدلانس نائیک تیمورکے والد نے بیٹے کی شہادت پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ تیمور ہمیشہ دشمن کو مارگرانے کا عزم رکھتاتھا۔ تیمور نے ملک کی خاطر اپنی جان دی ، اسکی شہادت نے سر فخرسے بلند کر دیا ۔