سرینگر (این این آئی) کنٹرول لائن کے آرپار تجارت معطل کئے جانے کے بعد دونوں اطراف کے تاجر تجارت کی دوبارہ بحالی کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کیلئے ازبکستان کے شہر تاشقند میں 3روزہ کانفرنس کا انعقادکررہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیرسے کشمیرایوان صنعت وتجارت کے صدر شیخ عاشق اور ایوان صنعت وتجارت جموں کے صدر راکیش گپتا کی قیادت میں دو وفود کانفرنس میں شرکت کرینگے ۔ ایوان صنعت و تجارت میرپور کے صدر سہیل شجاع مجاہد آزاد کشمیر کے تاجر وفد کی قیادت کرینگے ۔ کشمیر ایوان صنعت و تجارت کے صدر شیخ عاشق نے کہاکہ کانفرنس کا مقصد کنٹرول لائن کے آرپار تجارت کو دوبارہ شروع کرانے کیلئے حکمت عملی طے کرنا ہے ۔ تجارت کی معطلی سے تاجروں کو بھاری نقصان ہورہا ہے ، کانفرنس کا مقصدمشترکہ حکمت عملی طے کرکے متعلقہ حکومتوں پر تجارت کو دوبارہ کھولنے کیلئے دبائو ڈالنا ہے ۔ کانفرنس میں 16مندوبین شرکت کرینگے جن میں آٹھ مقبوضہ کشمیر اور آٹھ آزادکشمیر سے ہونگے ۔ مندوبین ایک قرارداد منظور کریں گے جو بعد میں پاکستان اور بھارت کے سربراہان مملکت کو بھیجی جائیگی۔