لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین کنسٹرکشن ایسوسی ایشن اسد اللہ خان نے کہا ہے وزیر اعظم نے جو ہمارے لئے ریلیف کا اعلان کیا ہے پاکستان بننے سے آج تک اتنی بڑی کنسٹرکشن انڈسٹری کو سہولت پہلے نہیں ملی،ہم وزیر اعظم کے مشکور ہیں ۔ پروگرام 92ایٹ 8میں اینکر پرسن سعدیہ افضال سے گفتگو میں انہوں نے کہا وزیر اعظم کاپیکیج عارضی ہے ، ہمیں دوبارہ14اگست 1947یاد آگیا، اگر وزیر اعظم سی ا ٓئی ڈی کنسٹرکشن بورڈ قائم کردیتے تو ہمیں کرپٹ نظام سے آزادی مل جاتی، اب بلڈرز اپنا کام کھلے دل سے چلا سکیں گے ۔وی سی اے پی ، اے ڈی آباد عبد ا لرحمان نے کہا وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، جو تجاویز آباد نے دس مہینے پہلے وزیر اعظم کو کی تھیں ان پر عمل ہوگیا ہے ،انڈسٹری کی بقا اسی پیکیج سے تھی۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کچھ مریض کورونا کے جو پہلے آئے تھے ان میں کچھ علامات تھیں، ان کا ڈاکٹر اسد اسلم نے علاج کیا،تقریباً11مریض ٹھیک ہوکر گھر چلے گئے ہیں، کوشش کررہے ہیں کوروناپر جلد قابو پا لیا جائے ، پلازمہ بھی بلڈ گروپ کی بنیاد پرمریضوں کو دینا پڑے گا،پورے پاکستان کے ٹیسٹ کرنا بہت مشکل ہے ، ہم سب کو احتیاط کرنی چاہئے ۔سی ای او مریم ہسپتال ڈاکٹر شمائل دائود نے کہا پلازمہ کا طریق علاج چین میں بھی کامیاب ہوا ہے ، اب نیویارک میں بھی اسے استعمال کیا جارہا ہے ،کورونا وائر س کے کئی مریض پلازمہ کے استعمال سے وینٹی لیٹر سے ہٹادئیے گئے اور کئی صحتیاب ہوکر گھر چلے گئے ہیں ،اس کا بہت زبر دست رزلٹ تھا،جب ڈاکٹر طاہر شمسی نے یہاں ذکر کیا تو لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔پروفیسر آف میڈیسن فائونڈیشن یونیورسٹی اینڈ میڈیکل کالج میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر تصور حسین نے کہا کورونا وائرس کے علاج کیلئے جتنے زیادہ ٹیسٹ کرینگے اتنی زیادہ سیفٹی ہوگی،ابھی اتنی زیادہ کٹس میسر نہیں کہ ہر ایک کا ٹیسٹ کیا جائے ،فی الحال انہی لوگوں پر توجہ دینی ہوگی جن کے اندر علامات ہیں،کورونا کا بہترین علاج صرف احتیاط ہے ۔