کوئٹہ( آن لائن ،صباح نیوز) کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرے روز چوتھا دھماکہ ہوگیا۔ کوئٹہ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر مغربی بائی پاس کے علاقے میں کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے تاہم کارروائی میں فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال کمپاونڈ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد ہوا ہے ، مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا ۔دریں اثناکوئٹہ میں منگل کو مسلسل تیسرے روزسرکی روڈ پر چوتھادھما کہ کیا گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سکیورٹی حکام کے مطابق یہ کریکر دھا کہ ایک ریڑھی کے قریب کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھار ی نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ۔