ممبئی (نیٹ نیوز) بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو مہاراشٹر میں انتہاپسند حکمران جماعت شیو سینا کیخلاف سیاست کے میدان میں اتارنے پر غور کیا جا رہا ہے ، بھارتی تجزیہ کاروں کے مطابق بی جے پی کنگنا کو شیوسینا کیخلاف کھڑا کرنے کا سوچ رہی ہے جبکہ ایک تیر سے دو شکار کرتے ہوئے کنگنا کو بالی ووڈ میں پائی جانیوالی اپنی مخالفت کا توڑ کرنے کیلئے بھی استعمال کرنا چاہتی ہے ۔معروف صحافی سواتی چترویدی کا بھی ماننا ہے کہ کنگنا بی جے پی کے پلیٹ فارم سے سیاست میں آنا چاہتی ہے اور اس نے حالیہ بیان بازی میں خود پر تنقید کرنے پر جہاں دیگر افراد پر سخت تنقید کی وہیں بی جے پی رکن پارلیمنٹ و سابق اداکارہ ہیما مالنی کی تنقید کا کوئی جواب نہیں دیا۔علاوہ ازیں کنگنا نے وزیراعظم مودی کی 70ویں سالگرہ پر انہیں ایک ویڈیو پیغام میں مبارکباد دی اور ان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے اور انہیں ایک بہترین وزیراعظم قرار دیا۔دریں اثنا کنگنا نے کہا مجھ پر حملے ہو رہے ہیں، میں اپنا سر کٹا دوں گی لیکن اپنے فیصلوں سے پیچھے نہیں ہٹوں گی۔علاوہ ازیں کنگنا نے خود پر تنقید کرنے پر توپوں کا رخ معروف اداکار ارمیلا مٹونڈکر کی طرف کر لیا اور انہیں فحش فلموں کی اداکارہ قرار دیدیا۔