لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبہ بھرکی تمام لیبارٹریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پی سی آرٹیسٹنگ کے بغیر سیرولوجیکل ٹیسٹ کووڈ19کے لیے ہرگز تشخیصی نہیں ہے اور صرف سی ای /ایف ڈی اے منظور شدہ کٹس ہی ٹیسٹوں کے لیے استعمال کی جائیں۔ جاری کردہ مراسلہ کے مطابق صرف پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے ہی کورونا وائرس کی تشخیص کی جائے گی اور یہ ٹیسٹ صرف پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی منظور شدہ لیبارٹریوں سے ہی کرائے جاسکتے ہیں۔ سیرولوجیکل ٹیسٹ کسی طور بھی کووڈ19کی تشخیص کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتاہے البتہ بیماری کی شدت جاننے اور روبصحت ہوجانے والے پلازما ڈونرشخص کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ سیرولوجیکل (اِلائزا) ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔ سیرولوجیکل ٹیسٹ سے صرف وہی شخص مستفید ہوسکتاہے جِس کا پی سی آر ٹیسٹ ایک سے زائد مرتبہ منفی ہوچکااورتمام لیبارٹریز اس حوالے سے معلومات اپنی رپورٹس میں شائع کر یں گی۔ٹیسٹوں کے نتائج کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی منظوری پر تحقیق کے لیے استعمال ہوسکتے ہیں،یہ ٹیسٹ کرنے سے قبل کمیشن سے اجازت لی جائے گی اور انسپکشن ٹیمیں ان لیبارٹریوں کو چیک بھی کریں گی،ہدایات پر عدم عملدرآمد کی صورت میں سخت قانونی کارروائی بھی کی جائیگی۔