اسلام آباد(نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ وفاق نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایک پائی بھی نہیں دی۔حافظ حفیظ الرحمٰن نے کورونا سے نمٹنے کیلئے وفاق سے مالی معاونت نہ ملنے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے معاملے پر وفاقی حکومت نے مایوس کیا، جنگ اپنے وسائل سے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کورونا مریضوں کیلئے صوبائی حکومت نے 80 کروڑ روپے مختص کئے ، یہ رقم ملازمین کی تنخواہوں و انٹرٹینمنٹ فنڈز سے کٹوتی کے ذریعے حاصل کی، کورونا سے نمٹنے کیلئے ہماری حکومت کی حکمت عملی سب سے بہتر اور کامیاب رہی۔