کوئٹہ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر، وقائع نگار خصوصی) کوئٹہ میں شاہراہ اقبال پر پریس کلب کے باہر ریلی کے دوران خودکش دھماکے سے 3 اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے ، دو پولیس اور ایک لیویزاہلکار جاں بحق ہوا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شارع اقبال پر ہونے والا دھماکہ خودکش تھا جو ریلی میں ہوا، ایک کم عمر نوجوان پیدل آیا جسے پولیس نے روکا اور گرا لیا، تاہم نوجوان نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، یہ ہماری کامیابی ہے کہ ہم نے اس خود کش بمبار کی شناخت کی اور اسے روکا۔ دھماکہ سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ صدر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، صادق سنجرانی، اسد قیصر، قاسم خان سوری، شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمن ، سراج الحق اور دیگر سیاسی شخصیات نے دھماکے کی شدید مذمت کی، پولیس اہلکاروں اور لیویز اہلکار کی نما ز جنازہ پولیس لائن کوئٹہ ادا کردی گی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر اعلی حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی، اہلکاروں کو شہدا کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔