کوہاٹ، پشاور(92نیوزرپورٹ)سابق قبائلی علاقہ پستہ ونی بو بو خیل میں اجتماعی قبر سے 2011میں اغوا ہونے والے 16کان کنوں کی لاشوں کی باقیات نکال لی گئی ہیں ۔ کان کنوں کو سابق ایف آر پشاور سے سال 2011 میں اغوا کیا گیا تھا اور رہائی کے بدلے میں بھاری تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا،ذرائع کے مطابق لواحقین لاشیں لینے کوہاٹ پہنچ گئے ، لاشیں اپنے علاقوں کو منتقل کرنے کے لیے علاقہ جموں میں کیمپ لگایا گیا ہے ، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کوہاٹ کے پہاڑی علاقے بو بو خیل میں اجتماعی قبر سے اغوا شدہ مزدوروں کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے ، وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔وزیراعلیٰ محمود خان کا کہناتھا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، مقتولین کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، وزیر اعلی ٰنے مقتولین کے ورثا کے لئے 10، 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا، وزیر اعلیٰ نے کمشنر کوہاٹ اور ڈی آئی جی کوہاٹ کو واقعے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔