اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امن تب آتا ہے جب طاقتور کو قانون کے نیچے لایا جائے ،ہمارے معاشرے میں کوئی مقدس گائے نہیں،اگر عمران خان قانون توڑے تو اس کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے ۔اسلام آباد پولیس کے ایگل سکواڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جس ملک میں پولیس صحیح کام کرے وہاں خوشحالی آتی ہے ۔پولیس کو غریبوں کو سختی سے ڈیل نہیں کرنا چاہیے بلکہ طاقتور کیساتھ سختی کرنی چاہئے ۔انسانی معاشرہ وہ ہوتا ہے جہاں پر قانون کی حکمرانی ہو۔ پولیس کا کام قانون کی عملداری یقینی بنانا ہے ۔ریاست مدینہ میں قانون کی عملداری تھی۔امن تب آتا ہے جب طاقت ور کو قانون کے نیچے لایا جائے ۔ ہمارے معاشرے میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں ۔اگر عمران خان قانون توڑے تو اس کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ، اگر آپ نے کارروائی نہ کی تو میں آپ کیخلاف کارروائی کروں گا۔قانون کی عملداری میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے ، ہرممکن تعاون کرینگے ۔ملک میں امن ہوگا تو باہر سے سرمایہ کاری آئے گی۔50سال قبل پاکستان کی دنیا میں عزت تھی۔ آج سے 50سال پہلے پاکستان تیزی سے آگے جارہا تھا۔ہم اس لئے پیچھے رہ گئے کیونکہ طاقتور کیلئے قانون الگ اور کمزور کیلئے قانون الگ ہے ۔پولیس کو ریڑھی بانوں جیسے طبقے پر سختی نہیں کرنی چاہئے ۔ پولیس طبقے کیلئے کمزور لوگوں کیلئے رحم ہونا چاہئے ۔میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بہت زبردست بجٹ دیا ہے ،10فیصد تنخواہوں میں اضافے پر آپ کے مشکور ہیں۔اپوزیشن پٹی ہوئی ہے دوبارہ بھی جنم لے تووزیراعظم صاحب آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔علاوہ ازیں وزیرِ اعظم سے اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کی ہیں ،ملاقات میں بجٹ اورحلقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر غلام سرورخان ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی منصور حیات خان ، عمار صدیق ، منزہ حسن ، کنول شوزب ، شیخ خرم شہزاد ، محمد عاصم نذیر، عامر لیاقت حسین، رمیش کمار، حاجی امتیاز احمد چوہدری،سینیٹر محسن عزیز اور سابق رکنِ قومی اسمبلی اعجاز چوہدری نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر بھی اس موقع پر ملاقاتوں میں شریک تھے ۔وزیر اعظم سے ملاقات میں اراکین کے متعلقہ حلقوں کے مسائل اور جاری منصوبوں پر پیش رفت پرتبادلہ خیال کیاگیا ۔ وزیراعظم سے سابق وزیراعظم آزادکشمیرسردارعتیق احمدخان نے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات میں آزادکشمیر انتخابات، سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔