کوئٹہ ،لاہور، اسلام آباد ، چمن ( سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر، ، 92 نیوز رپورٹ، وقائع نگار خصوصی،نامہ نگار ) کوئٹہ کے نواحی علاقے پشتون آباد کی رحمانیہ مسجد میں نمازجمعہ سے قبل دھماکے میں پیش امام سمیت 4نمازی شہید اور 26زخمی ہو گئے ، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا جبکہ چمن میں ایف سی قافلے پر بم حملہ میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے ۔بم ڈسپوزل سکواڈکے مطابق ٹائم بم مسجد کے منبرکے قریب نصب تھا، دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ، کوئٹہ کے علاقے سریاب میں سرچ آپریشن کے دوران 20مشتبہ افرادکوحراست میں لے لیاگیا۔ مسجد کی انتظامیہ نے بتایا نماز جمعہ کا وقت 2 بجکر 45 منٹ تھا، دھماکہ ایک بجکر 15 منٹ پر ہوا، دھماکے کے وقت مسجد میں 30 سے 40 افراد موجود تھے ، دھماکے سے مسجد کو شدید نقصان پہنچا، 2زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ترجمان وزیر اعلی بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا اس نوعیت کے خطرے کے لیے پہلے سے الرٹ جاری کیا گیا تھا اس لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعا کی، انہوں نے کہا ایسے حملے پاکستان کی ترقی کے خلاف گھناونی سازش ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مذمت کرتے ہوئے کہا کوئٹہ کے امن کو ایک بار پھر تہہ و بالا کرنے کی کوشش کی گئی ، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی واقعہ کی مذمت کی۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ن لیگ کے صدر شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری ، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، مولانا فضل الرحمن ، چودھری شجاعت ، چودھری پرویز الہی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر نے بھی واقعہ کی شدید مذمت کی۔ ادھر بلوچستان کے شہر چمن میں ایف سی کمانڈنٹ کے قافلے پر بم دھماکہ میں 3 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق چمن کے علاقے شیلا باغ کے قریب کمانڈنٹ ایف سی چمن سکواڈ کے قافلے کے قریب موٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کمانڈنٹ ایف سی محفوظ رہے تاہم دھماکہ میں ایف سی کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر کوئٹہ منتقل کر دیاگیا مزید کارروائی کی جارہی ہے ۔