لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ کے سلسلہ میں بھارت کو خط لکھ دیا، آئی سی سی نے پاکستان ٹیم سکواڈ کے ویزوں کی یقین دہانی کے علاوہ ایونٹ کے دوران آمدن کو ٹیکس فری قرار دینے کے لئے بھی کہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے بھارتی ویزوں کی اجازت بارے استفسار کے بعد آئی سی سی نے اب بھارت کو خط لکھ کر پاکستانی سکواڈ کو ویزے دینے کے معاملے پرتحریری یقین دہانی مانگ لی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سکواڈ کے ویزوں اور سیکورٹی کی یقین دہانی نہ کروائی گئی تو ایونٹ خطرے میں پڑ سکتاہے ۔ذرائع کا یہ بھی دعوی ہے کہ آئی سی سی نے بھارتی بورڈ سے ایونٹ کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی بھی یقین دہانی مانگی ہے۔