اسلا م آباد ، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، پاکپتن ، بورے والا، ملتان، اٹک، حضرو ، پشاور، کراچی، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا بے قابو ہوگئی جس سے پاکستان میں سینئر سیاستدان جام مدد علی سمیت مزید37افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد7092ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں2304نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 352296جبکہ فعال کیسز کی تعداد 23641ہو گئی،1219مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور321563صحتیاب ہو چکے ۔سینئر سیاستدان اورپیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کورونا کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ،اہلخانہ کے مطابق جام مدد علی کئی دنوں سے زیرعلاج تھے ، حالت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر رکھا گیا مگر جانبر نہ ہوسکے ۔جام مدد علی سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین بھی تھے ۔جام مدد علی کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر سانگھڑ جام گوٹھ میں ادا کی جائیگی اور انکی تدفین آبائی گاؤں جام گوٹھ میں ہی ہو گی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اورپاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے جام مدد علی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔جام مدد علی کے انتقال کے باعث سندھ کابینہ کا آج ہونیوالا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید17مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ601نئے کیس سامنے آگئے ۔ سیالکوٹ میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول دھارووال کی2 ٹیچرز اور 3 طالبات جبکہ گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول گدارے میں ایک لیڈی ٹیچر میں کورونا وائرس کی تصدیق کے باوجوددونوں سکول کھلے رہے ۔اہل علاقہ نے سی ای او ایجوکیشن کی غفلت پر تشویش کا اظہار کیاہے ۔ پاکپتن میں متاثرین کی تعداد 25ہو گئی جن میں3ڈاکٹرز اور دو سٹاف نرسز بھی شامل ہیں ۔ اٹک پولیس کے سابق انسپکٹر لیگل و معروف سینئر قانون دان سردار سلیم کورونا کے سبب اسلام آباد کے ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔ مرحوم کی اہلیہ پرنسپل گورنمنٹ گرلز کالج حضرو اور انکے بیٹے کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا جس کے سبب گرلز کالج حضرو کو ایک روز کیلئے بند کر دیا گیا ۔ حضرو کے علاقہ شمس آباد میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے 4اساتذہ اور8طالبعلم بھی کوروناسے متاثر ہوئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر حضرو شگفتہ جبین اور مجسٹریٹ تحصیل حضرو سردار آفتاب خان نے سکول کو سیل کردیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 4 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 822 نئے کیسز میں سے 621 کا تعلق کراچی سے ہے ۔سندھ حکومت نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کیلئے ایڈوائزری جاری کردی۔جس کے تحت وزیراعلیٰ ہاؤس میں غیر ضروری افسروں، سٹاف اورسائلین کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔ وزیراعلیٰ سندھ سیکرٹریٹ میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے ہدایات میں تمام دفاترمیں ماسک کااستعمال لازمی قراردیا گیا جبکہ سائلین کی آمدورفت بھی محدود کرنے کا حکم دیا گیا۔کورونا کے باعث وزیراعلیٰ ہاؤس میں عمررسیدہ افراد کی آمدورفت محدود کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ سٹاف میں کمی لائی جائیگی ۔خیبر پختونخوا میں مزید 2 مریض جاں بحق ہو گئے جبکہ 251 نئے کیسز سامنے آگئے ۔دنیا بھر میں ہلاکتیں 1306308سے زائدہوگئیں۔