لاہور،اسلام آباد، پشاور،کراچی،کوئٹہ ، نئی دہلی ، جنیوا، نیویارک (جنرل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،کرائم رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ، اپنے رپورٹر سے ،نیوز رپورٹر ، وقائع نگار ،خبر نگار خصوصی ، خبر نگار ،سٹاف رپورٹر ، نمائندگان،نیوزایجنسیاں)ملک بھر میں کورونا وائرس سے ابتک کی ریکارڈ201اموات ہوئیں جبکہ 5292نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ ملک میں پہلی دفعہ ایک روز میں 200سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔این سی اوسی کے مطابق مصدقہ کیس 810232جبکہ فعال کیس88207ہو گئے ، 5214 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ اموات کی شرح2.2فیصد جبکہ صحتیاب مریضوں کی شرح86.9 فیصد ہے ۔ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران 49101 ٹیسٹ کئے گئے ۔سندھ میں مزید5 مریض انتقال کرگئے جبکہ1029 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ خیبر پختونخوا میں مزید 37مریض جاں بحق جبکہ 927افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔بلوچستان میں ایک مریض چل بسا جبکہ 173نئے مریض سامنے آگئے ۔پنجاب میں کورونا سے مزید 127 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 2676 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور1257، ننکانہ2، قصور 24، شیخوپورہ 35، راولپنڈی 108، جہلم 14، اٹک 2، چکوال 20، مظفرگڑھ 17، حافظ آباد 26 ، گوجرانوالہ13 ،سیالکوٹ 24، نارووال6، گجرات 10، منڈی بہاؤالدین 47، ملتان 184، خانیوال 15، راجن پور 10، لیہ 6، ڈیرہ غازیخان 30 ،وہاڑی 41 ،فیصل آباد 239، چنیوٹ ٹوبہ 8،8، جھنگ 31 ،رحیمیار خان 83 ،سرگودھا 147، میانوالی 1، خوشاب 21، بہاولنگر16، بہاولپور 77، لودھراں 2، بھکر 9، ساہیوال 20، پاکپتن 4 اوراوکاڑہ میں 119 کیس سامنے آئے ۔وزیر زکوۃ و عشر شوکت علی لالیکا اور رکن بلوچستان اسمبلی احمد نواز بلوچ اور اداکار علی سفینہ کا کورونا ٹیسٹ بھی پازیٹو آ گیا۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں مزید6 افسران و ملازمین کورونا میں مبتلا ہو گئے ، ریلوے حکام نے سیفٹی برانچ اور الیکٹریکل برانچ کو سپرے کرا کے سیل کر دیا ۔شیخوپورہ میں سابق صدر بار نصر اﷲ وٹو کی اہلیہ سمیت تین مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈپٹی کمشنر اصغر جوئیہ اور ڈی پی او غلام مبشر میکن ، سابق صدر بار چودھری ولایت علی ایڈووکیٹ کے ٹیسٹ مثبت آگئے ۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 7074بیڈز میں سے 4108 بیڈ خالی ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں1612 بیڈز میں سے 794بیڈز خالی ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں60 فیصد وینٹی لیٹرز جبکہ 50 فیصد آکسیجن بستر بھر گئے ۔لاہور میں87 فیصد وینٹی لیٹرز بھر گئے ،سروسزہسپتال کے آئی سی یو اور ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ میں ایک بھی بستر خالی نہ بچا۔ میو ہسپتال 96 ، جناح ہسپتال 90 ، گنگارام ہسپتال 95 ، جنرل ہسپتال93 ،سروسز ہسپتال اور کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے 100 فیصد وینٹی لیٹرز بھر گئے ۔ میو ہسپتال 74 ، جناح ہسپتال 68 ،سر گنگارام ہسپتال 58 ، جنرل ہسپتال 91 ،سروسز ہسپتال اور پی کے ایل آئی میں 100 فیصد آکسیجن بستر بھر گئے ۔ لاہور کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد کر دی گئی۔8 فیصد سے زائد کیسز والے اضلاع میں جیلوں میں ملاقات پر پابندی جبکہ 15 فیصد سے زائد کیسز والے اضلاع میں ملزموں کی عدالتوں میں پیشی پر بھی پابندی ہوگی۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ حکام نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا ویکسین تیار کرنے کا آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا۔ کورونا ویکسین کی تیاری کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ، چینی ماہرین کی ٹیم بھی اسلام آباد میں موجود ہے ۔حکام کے مطابق کین سائنو ویکسین کا خام مال مئی کے شروع میں پاکستان پہنچ جائے گا، جس کی ڈوزز این آئی ایچ میں تیار کی جائیں گی۔ این آئی ایچ میں کین سائینو سنگل ڈوز کورونا ویکسین تیار کی جائے گی، مقامی سطح پر پیک سنگل ڈوز کورونا ویکسین مئی کے آخر میں دستیاب ہو گی۔ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے سول انتظامیہ اور فوج کی کاروائیاں جاری ہیں۔ لاہور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 46 دکانوں و سٹوروں و ریسٹورنٹس کو سیل جبکہ10 افراد کو گرفتار جبکہ 3 ایف آئی آرز کا اندراج کرایا گیا۔ ڈی ایچ اے فیز 8 پارک ویو میں2 پرائیویٹ سکولوں کو سیل کر دیا گیا۔ لاہور میں بغیر ماسک گھومنے پر 1470 افراد کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ۔30 افراد کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک گھنٹے کی سزا دی گئی۔ شیخوپورہ میں گلی ککے زئیاں کوسیل کردیا گیا جبکہ34مقامات پر آرمی کو تعینات اور شام چھ بجے کے بعد دفعہ 144کانفاذ بھی کردیا گیا ، دیگر مقامات پر کاروائیاں کرتے ہوئے کئی دکانداروں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا گیا ۔ کراچی میں ضلعی انتظامیہ نے شہر کی دس بڑی مارکیٹیں، 12شاپنگ مال اور 1500سے زائد دکانو ں کو سیل کردیا۔ گوشت،مرغی ،سبزی، جنرل سٹورز اور سپر مارٹس پر جرمانے بھی عائد کئے گئے ، پولیس اور دکانداروں میں جھگڑے بھی ہوئے ۔ ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین 149,987,772 جبکہ اموات 3157594ہو گئیں۔ بھارت میں345398 کیس سامنے آ گئے جبکہ3130 ہلاکتیں ہوئی ۔الریاض کا مشہور چائے والا مشعل الفہد کورونا سے چل بسا۔ قطر نے پاکستان، بھارت سمیت 6 ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی۔ایرانی انتظامیہ نے کورونا کیسز میں اضافے کے بعد پاکستان کیساتھ سرحد جزوی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بلجیم نے بھی بھارتی پروازوں پر 15 مئی تک کیلئے پابندی لگا دی۔ نیدرلینڈز میں چار ماہ بعد سخت لاک ڈائون کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا ۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بھارت میں کورونا وائرس میں حالیہ اضافے کو تصور سے ماورا قرار دیدیا۔ ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس نے جنیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عالمی سطح پر وبائی بیماری میں گزشتہ ہفتے اتنے ہی کیس سامنے آئے جتنے وبا کے پہلے پانچ مہینوں میں دیکھے گئے تھے ۔