کوئٹہ،اسلا م آباد (کرائم رپورٹر،سپیشل رپورٹر،نمائندہ خصوصی ،مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک گھنٹے کے دوران یکے بعد دیگرے تین خود کش حملوں میں 6پولیس اہلکار شہید10 زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں2خودکش حملہ آور بھی مارے گئے ،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شاہد اکٹھے کر لئے ،حملہ آوروں کے اعضا ڈی این اے کیلئے ارسال کردیئے گئے ،وزیر اعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر میاں غنڈی کے علاقے میں دو خود کش بمباروں نے ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں خود کش حملہ آور سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے اور اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تیسرا خود کش حملہ ائیرپورٹ روڈ پر ہوا جس میں پولیس کی وین کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں 6 پولیس اہلکار کریم بخش،علی نواز،رشید احمد،عبدالرشید،عبدالحمید وغیرہ شہید اور10 زخمی ہوئے ، زخمیوں کوبولان ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا، دھماکے کے فوری سکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کردی گئی ۔پولیس حکام کے مطابق تینوں دھماکوں کے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ،وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ۔صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،سپیکرایازصادق،چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ،عمران خان،آصف زرداری،بلاول بھٹو،سراج الحق، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزیر میرسرفراز بگٹی ودیگر نے کوئٹہ میں خود کش دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے شہداکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا،انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔