پشاور(92نیوز)خیبر پختونخوا مشیر وزیر اعلیٰ برائے توانائی و برقیات حمایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ کوہاٹ ڈویژن میں ڈاکٹرز ،ماہرین ماحولیات اور دیگر سائنسدانوں پر مشتمل ایک جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جائے گی جو تیل اور گیس کی ماحولیاتی آلودگی اور ان کی وجہ سے علاقے میں بڑھتے ہوئے امراض کا جائزہ رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کرے گی۔وہ کوہاٹ ڈویژن کے ممبران قومی اور صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تیل اور گیس کمپنیوں کی وجہ سے ہمارا انفراسٹرکچر کا برا حال ہے ، ہماری سڑکیں کمپنیوں کی بڑی گاڑیوں کی وجہ سے خراب ہو چکی ہیں ،مشیر توانائی نے کہا کہ تیل اور گیس کمپنیوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے تاکہ صاف و شفاف کام ممکن ہو سکے ۔