کوئٹہ(92نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ) کوئٹہ کے نواح میں ہزار گنجی کے علاقے شالکوٹ میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا،دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کئے جبکہ امدادی ٹیموں نے ایمبولینسوں کے ذریعے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی نعشوں کو ہسپتال پہنچایا۔ دھماکے کے زخمیوں کوہسپتالوں میں طبی امداد دی گئی جبکہ صورتحال کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد ایک گاڑی اور متعدد موٹر سائیکلوں میں آگ لگ گئی۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خڈشہ ہے ۔