برسلز(نیوزایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے جاری مظالم، مسلسل کرفیو ، پابندیوں اور جبر و استبداد پر برسلز میں یورپی یونین ہیڈ کوارٹرز کے سامنے کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا اوردھرنا دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرے میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کیخلاف نعرے درج تھے ۔ مظاہرین نے کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا اور مسلسل کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی مظالم کیخلاف نعرہ بازی کی۔کئی مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی کے حق پر پابندی کی علامت کے طور پر اپنے منہ پر سیاہ پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے اورکشمیریوں کی زندگی اس وقت اجیرن ہے ۔ عالمی برادری خاص طور پر بڑی عالمی طاقتیں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم رکوانے کیلئے کردار ادا کریں۔مظاہرے اوردھرنے میں ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چودھری خالد جوشی، کشمیری رہنما سردار صدیق، حاجی وسیم اختر، حاجی خالد محمود، مہر علی صفدر، سلیم میمن، چودھری ناصر، ڈاکٹرظہور منظور، سردار زاہد ظاہر، شکیل گوہر، چودھری علی مہاراجہ، مہر ملک، کنتھ رائے ، اصغر بٹ، راجہ خالد، میرشاہی جہان، زین جوشی، چودھریرضا، سردار ساجد امتیاز، ڈاکٹر الٰہی خان، راجہ منیر اور نصراﷲ بٹ نے بھی شرکت کی۔