کوئٹہ ( سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر امام بارگاہ پر خود کش حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پولیس کی فائرنگ سے خود کش حملہ آور مارا گیا، حملہ آور کے دستی بم حملے سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر امام بارگاہ ناصر العزا میں مغرب کی نماز کے وقت برقع پوش حملہ آور نے داخل ہونے کی کوشش کی، حملہ آور کے دستی بم سے اہلکار مینر احمد زخمی ہوگیا، دیگر اہلکاروں نے فائرنگ کرکے حملہ آور کو ہلاک کردیا، سکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے حملہ آور کے جسم سے خود کش جیکٹ اتار کر ناکارہ بنادی، زخمی اہلکار کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی، بارود پھٹ نہ سکا، حملہ آور نے لیڈیز سینڈل اور برقعہ پہن رکھا تھا، پولیس اور ایف سی نے جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا، دس سے بارہ کلو گرام وزنی خودکش جیکٹ تھی، سہولت کاروں کی تلاش شروع کردی، سکیورٹی خدشات کی بنا پر آج القدس ریلی نہیں نکالی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان کانسٹیبلری کے زخمی جوان کیلئے 10لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی سند کا اعلان کیا ۔