لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں میں سب سے زیادہ کرکٹ پر اثر پڑے گا، کھلاڑیوں کو نئے قوانین اور روایات کی عادت اپنانا پڑے گی تاہم نئے قوانین سے بیٹ اوربال میں توازن مزید بگڑنے کا خدشہ ہے ۔وقار یونس کورونا سے قبل آسٹریلیا میں اپنی فیملی کے پاس گئے تھے اور انٹرنیشنل فلائیٹس بند ہو نے کی وجہ سے ابھی تک وہیں رکے ہوئے ہیں۔ سابق کپتان کا کہناہے کہ کورونا کا اثر ہر کھیل پر پڑ رہا ہے مگر کرکٹ میں اس کا اثر کھیل اور کھلاڑیوں پر ہی نہیں بلکہ شائقین کھیل پر بھی پڑا ہے کیونکہ عوام کھیلوں کے لائیو مقابلے صبح و شام دیکھنے کے عادی ہو چکے ہیں ،کھیل میں بال ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ جاتی ہے ، کھلاڑی تھوک اور پسینے سے گیند کو چمکاتے ہیں، جبکہ ایسی ہی چیزوں سے کورونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ سب سے زیادہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، اسی لیے میں کہتا ہوں، کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ کے اصل رنگ پھیکے پڑ جائیں گے اور نئے قوانین اور روایات پر عمل کھلاڑیوں کے لئے مشکل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ باؤلر کوسوئنگ کرنے کے لئے تھوک سے بال کو چمکانے کی ضرورت ہوتی ہے اور تھوک سے چمکنانے پر پابندی سے بیٹسمینوں کو مزید فائدہ حاصل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب کامیابی کے بعدخوشی منانے کے لئے شرائط آ گئی ہیں ، یہ سب نہ کرنا کھلاڑیوں کے لئے بہت مشکل ہو گا، لیکن احتیاط کرنا پڑے گی مگر اس سے کھیل کا رنگ ضرور پھیکا پڑ جائے گا۔