اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید58افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد26720ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5.45فیصد رہی،3153نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 91015ہو گئے ،5370مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 3797مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 57792کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔اسلام آباد میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 4547ہو گئی۔ ابتک کورونا ویکسین کی کل 67342288خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 873783افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ ابتک 21613626افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ۔علاوہ ازیں این سی او سی آج سے 15تا 17 سال کے شہریوں کو بھی ویکسین لگانے کا آغاز کریگا۔ترجمان وزارت قومی صحت ساجد شاہ کے مطابق15سے 17سال کے افراد کو آج سے ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، انہیں فائزر کورونا ویکسین لگائی جائیگی اور یہ سہولت مفت فراہم کی جائیگی،وہ نادرا ب فارم لیکر ویکسی نیشن سنٹر جائیں۔ ہم بچوں کو ویکسین لگانے کیلئے تعلیمی اداروں میں ٹیمیں بھیجنے کا بھی انتظام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ اسلام آباد میں50فیصد آبادی کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہو گئی جبکہ71فیصد آبادی کو پہلی ڈوز لگا دی گئی۔ اسلام آباد نصف آبادی کی ویکسی نیشن مکمل کرنیوالا ملک کا پہلا شہرہے ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 1374نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 26469ہو گئے جبکہ لاہور کے 3سمیت مزید13مریضوں کی جان چلی گئی۔ لاہور میں549،راولپنڈی157،فیصل آباد99،ملتان 76،قصور 23،گوجرانوالہ17،سیالکوٹ15اور شیخوپورہ میں14کیس رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 6.6فیصدجبکہ لاہور میں11،راولپنڈی میں8،فیصل آباد میں11اور گوجرانوالہ میں5فیصد ریکارڈ کی گئی۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں46لاکھ45ہزار سے زائد ہو گئیں۔ ترجمان سعودی وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبدالی کے مطابق سعودی عرب میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے جو کہ وبا کے کنٹرول سے متعلق مثبت پیش رفت کا اشارہ ہے ۔ تاہم ڈیلٹا وائرس کا د نیا بھر میں تیزی سے پھیلا ئوسب سے زیادہ تشویشناک ہے ۔فرانس بھر میں کورونا سے متعلق لازمی ہیلتھ پاس کیخلاف مظاہرے کئے گئے اور سڑکیں میدان جنگ بن گئیں۔ ایک لاکھ 21 ہزارمظاہرین نے احتجاج کے دوران ہیلتھ پاس کو امتیازی سلوک قرار دیا ۔پیرس میں پولیس کیساتھ جھڑپوں میں متعدد افراداور3اہلکار زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔