اسلام آباد(لیڈی رپورٹر)اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے چیئرپرسن مسابقتی کمیشن ودیا خلیل اور دو ممبران ڈاکٹر محمد سلیم اور ڈاکٹر شہزاد انصر کی بحالی کے خلاف وفاق کی اپیل پرسنگل بنچ کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔گزشتہ روز وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل خواجہ امتیاز عدالت میں پیش ہوئے اور کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں چیئرمین مسابقتی کمیشن اور 2 ارکان کی تعیناتی درست نہیں۔ چیئرمین کی تقرری دوبارہ ہوگئی جبکہ ممبران نئے تعینات کئے گئے ۔چیف جسٹس نے استفسارکیاکہ کیا وفاقی کابینہ کی منظوری سے یہ تعیناتیاں ہوئی تھیں؟ خواجہ امتیاز نے بتایاکہ وفاقی کابینہ کی منظوری شامل نہیں تھی۔ جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ آپ دستاویزات پڑھ کر بتائیں دوبارہ تعیناتی کیسے غلط ہوئی؟جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ سنگل بنچ کے فیصلے میں لکھا ہے یہ تعیناتی فکس ٹرم کیلئے ہے ۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کرنے کی بجائے مرکزی اپیل سن کرفیصلہ کریں گے ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے پی اے ایف کالج لوئر ٹوپہ میں طالبعلم احتشام کی اچانک وفات کی انکوائری کیلئے درخواست پرسیکرٹری دفاع، پی اے ایف کالج لوئر ٹوپہ کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور پرنسپل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 2ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔ ادھر نمل یونیورسٹی کے طلبا نے سابق فاٹامیں 3اور4جی سروسزکی فراہمی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے ۔سید محمدنامی طالبعلم نے درخواست میں موقف اپنایا کہ فاٹا اورکرم ایجنسی میں 3جی اور 4جی نہ ہونے سے طلبہ آن لائن سڈیز سے محروم ہیں۔