لاہور (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے عوام سے ضرورت مندوں کے لیے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں سب کو مل کر مستحقین کی مدد کرنا ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ اب تک چار ہزار خاندانوں کا راشن تقسیم کر چکے ہیں اور مزید 500 خاندانوں کو آج دینے جارہے ہیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ حکومت کس کی ہے یہ نہ سوچیں، اس بات کو چھوڑ دیں کیونکہ 80 فیصد آبادی ایسی ہے جو یومیہ کماتی اور کھاتی ہے ، ان سب لوگوں کی دیکھ بھال کرنا حکومت کے بس کی بات نہیں، حکومت کا ساتھ دیں اور تمام این جی اوز، سماجی تنظیم باہر نکلیں اور ضرورت مندوں کا سہارا بنیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کچھ خاندانوں کو مختص کر دے جنہیں لوگ خود امداد پہنچائیں، ایسے سسٹم بنایاجائے کہ کوئی مستحق راشن یامددکے بغیرنہ رہ جائے اسلئے یہ اچھاسسٹم ہوگا کہ فیملیز دے دی جائیں آپ ان کی مدد کریں۔شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ میں صرف اللہ سے مانگتا ہوں اور خلق خدا کیلئے مانگتا ہوں۔