اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید64افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد12772ہو گئی جبکہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں یکم مارچ سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کردیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1361نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے یکم مارچ سے ہفتے میں 5 روز کھل جائینگے ۔ کورونا کی وجہ سے بڑے شہروں میں سکولوں پر کلاسز کو چھوٹے گروپوں میں تقسیم کر کے پڑھانے کی پابندی کا اطلاق 28 فروری سے ختم ہو جائیگا۔ اﷲ کے فضل سے ہم نارمل حالات کی جانب جا رہے ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید40مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ583نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 356، قصور 6،راولپنڈی 37 ، فیصل آباد 51اور شیخوپورہ میں 6 کیسزرپورٹ ہوئے ۔لاہورمیں کورونا مزید 11 زندگیاں نگل گیا۔چیئرمین پاکستان ریلویز حبیب الرحمٰن گیلانی اور ڈائریکٹر جنرل پلاننگ عمران حیات بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔ حبیب الرحمٰن کی صحتیابی تک ایڈیشنل سیکرٹری ریلوے عارف انور بلوچ قائم مقام چیئرمین کے فرائض بھی سر انجام دینگے ۔پنجاب حکومت نے کاروباری مراکز اور مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل کرتے ہوئے 15 مارچ سے پرانے اوقات کار بحال کردیئے جس کانوٹیفکیشن جاری کردیا ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں25لاکھ15ہزارسے زائد ہو گئیں۔برطانوی وزیرتعلیم گیون ولیمسن نے کہا کہ سیکنڈری طلبہ کے سکول واپسی پر 2 ہفتوں میں 3 مرتبہ کورونا ٹیسٹ ہونگے ۔ تعلیمی نقصان پورا کرنے کیلئے سمر سکول شروع کرنیکا منصوبہ زیرغور ہے ۔ کورونا کے باعث اردن میں ہر جمعہ کو کرفیو نافذ کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اتوار سے کام کی جگہوں پر 30 فیصد ملازمین کو کام کی اجازت ہو گی۔ سعودی حکومت نے کورونا کیسز سامنے آنے پرریاض، مکہ اور مدینہ سمیت 5 شہروں میں 10 مساجد کو عارضی بند کردیا۔ 3 مساجدکو سینیٹائز کرکے دوبارہ کھول دیا گیا ۔