اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی،پشاور،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید74افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد19617ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.8فیصد رہی، کوروناکے 3232نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد880362ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد68223ہو گئی،4443مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل 792522صحتیاب ہو چکے ۔این سی او سی نے ملک بھرکے سیاحتی مقامات کو تاحکم ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دوسری جانب ملک میں کورونا وبا کو روکنے کیلئے 9 روز سے جاری لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا۔تمام مارکیٹیں، شاپنگ مال اور تجارتی مراکز کھل گئے اورکاروباری زندگی ایک بار پھر رواں دواں ہو گئی۔دفاتر کھلنے اورٹرانسپورٹ اڈے بھی مکمل طور پر بحال ہونے سے رونقیں بحال ہوگئیں۔ بازاروں مارکیٹوں میں چہل پہل بھی شروع ہوگئی۔اب دکانیں رات 8 بجے بند کرنا ہونگی ، تفریحی مقامات،پارکس، تعلیمی ادارے ،شادی ہال، مارکیز، چڑیا گھر، وائلڈ لائف پارک اورسیاحتی مقامات تاحکم ثانی بند رہیں گے ۔ ہوٹل اور ریسٹورنٹس پر صرف ٹیک اوے کی سہولت میسر ہوگی۔پولیس کا بازاروں میں گشت بھی جاری رہے گا ۔ کاروباری مراکز پر ماسک کا استعمال لازمی ہوگا اور خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ دریں اثنا تاجروں نے کاروبار رات 8 بجے تککھولنے ، ہفتہ اور اتوار کی عام تعطیل ختم ہونے کی بنا پر اسلام آباد کا احتجاجی پروگرام ملتوی کردیا ۔ تاہم ریٹیل مارکیٹیں رات10 بجے تک کھلی رکھنے اور ریسٹورنٹس ، شادی ہالز اور سکولز بھی فوری کھولنے کا مطالبہ کردیا۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 1700نئے کیس سامنے آگئے اورمزید44مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد9411ہوگئی ۔ لاہورمیں 713، ننکانہ 28، قصور 14، شیخوپورہ 24، راولپنڈی 63، گوجرانوالہ 36 ،ملتان 39، وہاڑی 47 ،فیصل آباد 98، سرگودھا 124، بہاولپور 115، اور اوکاڑہ میں 36 کیس سامنے آئے ۔ لاہور میں مزید 23 ہلاکتیں ہوئیں اور اموات کی کل تعداد 3865 ہوگئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق لاہور میں تھانہ ہربنس پورہ کا ہیڈ کانسٹیبل احمد کورونا کے باعث جاں بحق ہوگیا،وہ میو ہسپتال میں زیر علاج تھا۔۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے مراسلہ کے مطابق پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں 4 شعبوں آنکھوں، ناک کان گلہ، دندان اور جلد کے امراض سے متعلق او پی ڈیزکو مزید ایک ہفتے تک بندرکھا جائیگا۔محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر میں لاک ڈاؤن 30 مئی تک نافذ العمل رہیگا،شادی ہال،مزار بند رہینگے ۔کاروباری سرگرمیاں ہفتہ، اتوار کو بندجبکہ دیگر 5 دن صبح 6 سے رات8 بجے تک ہونگی۔ مذہبی، سماجی، سیاسی، ثقافتی، کھیلوں، میوزیکل تقریبات پر پابندی ہوگی۔انجمن ترقی پسند مصنفین پاکستان کے سابق صدر،عالمی پشتوکانفرنس کے چیئرمین،بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر،ادیب،دانشور،نقاد،محقق اور سینئر کالم نگار سلیم راز کورونا سے انتقال کر گئے ، انکی عمر 82 سال تھی، انہیں چارسدہ کے گائوں سکڑ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔سلیم راز کو ادبی سرگرمیاں پر صدارتی پرائڈ اف پرفارمنس کے علاوہ 50 ایوارڈ ز ملے ۔علاوہ ازیں بیرون ملک سے پشاور پہنچنے والے مسافروں میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ، شارجہ سے آنیوالی پروازپی اے 613 میں 27 مسافر کورونا مثبت نکلے جن کو قرنطینہ کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں34لاکھ سے زائد ہو گئیں۔بھارت میں کورونا سے مزید 4340سے زائد ہلاکتیں اور 263045 سے زائد نئے کیس رپورٹ۔ سعودی عرب میں سفری پابندیاں اٹھا لی گئیں۔سعودیہ نے سفری پابندیوں والے ممالک سے پاکستان کا نام نکال دیا۔سعودی شہری سعودی عرب سے پاکستان کا سفر کرسکیں گے ۔۔محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ وہی سعودی شہری سفر کرسکیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں یا پہلی خوراک لینے کے بعد چودہ دن گزار چکے ہوں۔کورونا سے صحتیاب ہونیوالوں کو بھی سفر کی اجازت ہوگی۔ اٹھارہ سال سے کم عمر کے سعودی شہریوں کو سفر کی مشروط اجازت ہے ۔ بیشتر ممالک سے آنیوالے غیر ملکی زائرین کو کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ دکھانے پر قرنطینہ میں رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کے تحت امریکہ، بھارت، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور متحدہ عرب امارات اور 20 دیگر ممالک کے زائرین پر ریاست میں داخل ہونے پر پابندی عائد رہے گی۔سعودی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے خطرات کی وجہ سے سعودی شہریوں کو بغیر کسی اجازت کے 13 ممالک میں جانے پر پابندی ہے ،ان ممالک میں لیبیا، شام، لبنان، یمن، ایران، ترکی، آرمینیا، صومالیہ، جمہوریہ کانگو، افغانستان، بیلاروس اور بھارت شامل ہیں۔