لاہور(خصوصی نمائندہ،کرائم رپورٹر)گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالے کسی معافی کے مستحق نہیں ہوسکتے ، جن علاقوں میں کورونا کے مر یضوں کی تعداد خطر ناک حدتک بڑ ھے گی وہاں لاک ڈاؤن سخت کر نے سمیت تمام اقدامات کر یں گے ،کورونا سے بچاؤ کیلئے ایک بھی لمحہ کی کوتاہی کی گنجائش نہیں،کورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سب کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی،خدا کیلئے عوام کورونا کو لینے اور دوسروں کو دینے کیلئے خود گھروں سے باہر نہ جائیں،کورونا سے بے روز گار ہونیوالوں کو ہم کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔وہ گورنر ہاؤس لاہور میں زی گارڈن کے چیئر مین محمد توفیق کی جانب سے غر یب خاندانوں کیلئے ایک لاکھ آٹا عطیہ کر نے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ گورنر پنجاب نے گور نر ہاؤس کے ڈاکٹر کی جانب سے خاتون کو ہر اساں کر نے کے معاملے کا سخت نوٹس لے لیا اور ڈاکٹر مشرف کو انکے عہدے سے فارغ کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو ڈاکٹر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی ہدایت کردی۔ جبکہ گورنر ہاؤس لاہور میں ڈاکٹر کی حاملہ خاتون سے مبینہ زیادتی پر سو ل لا ئنز پولیس نے مدعیہ کی تحریر پر مقدمہ درج کر لیا ۔ملزم کو پو لیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب گرفتار کر لیا تھا ۔