کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی کے کورنگی انڈسٹریل پارک کے لئے 250 ایکڑاراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے خلاف دائردرخواست پر اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ غلام ارباب رحیم اور سابق وفاقی وزیر جہانگیر ترین کو ذمہ دار قرار دے دیا۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت کے دوران اینٹی کرپشن نے انکوئری رپورٹ پیش کی،جس میں بتایا گیاکہ جہانگیر ترین اورارباب غلام رحیم نے مل کر حکومت سندھ کے خزانے کو21 ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے ۔ جہانگیرترین کی سفارش پر سابق وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم نے زمین الاٹ کی ۔ارباب رحیم نے کابینہ سمیت ریٹ اسیسمنٹ کمیٹی کی منظوری کے بغیر سرکاری زمین الاٹ کی ۔جہانگیر ترین نے 2004 ئمیں ارباب رحیم سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کرکے زمین الاٹمنٹ کی سفارش کی۔حکومت سندھ افسران نے متنازع اراضی کے 2009ء میں سروے نمبر بھی الاٹ کردیئے تھے ، سرکاری زمین 50ہزار روپے فی ایکڑ الاٹ کی گئی ۔جہانگیر ترین نے ارباب رحیم کو بتایا کہ انڈسٹریل پارک بنایا جائے گاجبکہ آج تک اس زمین پرانڈسٹریل پارک نہیں بن سکا۔اینٹی کرپشن نے فریقین کے خلاف انکوائری مکمل کرکے الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے ۔