اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، وقائع نگا رخصوصی،92 نیوزرپورٹ) کورونا کیخلاف جنگ کیلئے سرمایہ کار حسین داؤد نے اپنی فیملی، اینگرو اور داؤد ہرکولیس گروپ کی جانب سے ایک ارب روپے مالی امداد کا اعلان کردیا، حسین داود نے کہا کہ مشکل وقت میں قوم کی خدمت کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ادھر وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے ملاقات کی جس میں انہوں نے ہائر پاکستان کی جانب سے دو لاکھ ماسک وزیراعظم کو پیش کئے ۔ انہوں نے پرائم منسٹر کورونا ریلیف فنڈ کیلئے زلمی فائونڈیشن کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا چیک بھی وزیر اعظم کو پیش کیا۔ چیئرمین پشاور زلمی نے وزیراعظم کو بتایا کہ اگلے ہفتے ایک چارٹر طیارہ میڈیکل آلات لے کر پاکستان پہنچے گا۔ وزیر اعظم نے ہائر اور زلمی فائونڈیشن کی جانب سے عطیات اور خدمت کے جذبے کو سراہا۔ادھر انٹیلی جنس بیورو نے وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے کرونا وائرس میں تنخواہ سے عطیہ کا اعلان کیا ہے ، گریڈ 16 اور اُس سے اوپر کے افسران ماہ اپریل کی 3 دن اور گریڈ ایک تا 15 کے ملازمین ایک روز کی تنخواہ عطیہ کریں گے ۔دوسری جانب سندھ حکومت کو کورونا فنڈ کی مدمیں دنیا بھر سے عطیات کی وصولی شروع ہوگئی، سندھ کے سرکاری ملازمین نے 2 ارب 84 کروڑ روپے سے زائد جمع کرائے ،سندھ حکومت کے کورونا فنڈ میں نجی اداروں اور افراد کی جانب سے 4 کروڑ روپے کے عطیات دئیے گئے ، ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم نے 10 لاکھ روپے کا عطیہ دیا،سندھ کے بیشتر ارکان اسمبلی نے ایک ماہ کی تنخواہ دی۔ بلدیہ وسطی کی جانب سے سندھ حکومت کے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ بائیس لاکھ پچھتر ہزار روپے کا امدادی چیک جمع کروادیا گیا۔