پشاور (نیٹ نیوز ) خیبر پختونخوا میں 103 سالہ بزرگ عزیز عبدالعلیم کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے جس کے بعد وہ کورونا کوشکست دینے والے دنیا کے سب سے زیادہ عمر رسیدہ شخص بن گئے ۔خبررساں ادارے ’’رائٹرز‘‘ کے مطابق بزرگ کے اہلخانہ اور ڈاکٹروں نے کہا کہ اتنے معمر شخص کی کورونا سے صحتیابی اس بات کی دلیل ہے کہ ہمارا طبی نظام اتنا خراب نہیں جس قدر اس حوالے سے باتیں کی جاتی ہیں۔ عزیز عبدالعلیم چترال کے شمالی ضلع کے ایک گاؤں کے رہائشی ہیں اور وہ جولائی کے اوائل میں کورونا میں مبتلاہوئے تھے ۔مکمل صحتیابی کے بعد انہیں گزشتہ ہفتے ہسپتال کے ایمرجنسی رسپانس سنٹر سے رخصت کیا گیا۔عزیز کے بیٹے 50 سالہ سہیل احمد نے فون پر رائٹرز کو بتایا کہ ہم ان کی عمر کی وجہ سے پریشان تھے لیکن ابو بالکل بھی نہیں تھے ۔ انہوں نے زندگی میں بہت نشیب و فراز دیکھے شاید اسلئے کورونا سے خوفزدہ نہیں ہوئے لیکن انہیں تنہائی میں رہنا پسند نہیں ۔ سہیل نے بتایا ان کے والد نے 70 سال تک بڑھئی کا کام کیا اور ان کی 3 بیویوں اور 9 بیٹے اور بیٹیوں کا انتقال ہوچکا ہے ۔ ان کی چوتھی بیوی چھوڑ کر جا چکی جبکہ پانچویں سے ابھی شادی کی ہے ۔