لاہور(خصوصی نمائندہ)گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کوروناکے خلاف جنگ میں دشمن سے جنگ کرنے جیسے جذبہ کی ضرورت ہے ۔پاکستان فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چودھری عنصر اور دیگر کی قیادت میں وفد نے عوام کو کورونا سے بچاؤ کیلئے 5ملین روپے کا حفاظتی سامان اور ادویات گور نر پنجاب کے حوالے کر دیں۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں چودھری محمد سرور نے کہاچین پاکستان کیساتھ کھڑا ہے ، ہمیں بھی اپنی ذمہ داری پوری کر نا ہو گی،22کروڑ عوام کو چٹان جیسی مضبوطی سے کوروناکیخلاف کھڑاہونا ہے ، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے حکومت اور طبی عملہ کا ساتھ دیں۔ عوام کو چاہئے ’’محدود رہیں اور محفوظ رہیں‘‘اور کورونا کو شکست دیں،پوری قوم وزیر اعظم کی قیادت میں متحد ہو کر کورونا کو شکست دینے میں ان شاء اللہ کامیاب ہوگی۔ اگر عوام گھر وں میں رہیں گے تو کوئی شک نہیں کہ ہم بھی چین کی طر حکوروناکیخلاف جنگ جیتنے میں کامیاب ہوجائیں گے ،ہر پاکستانی کو اپنی ذمہ داری پوری کر نا ہوگی، کوروناسے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر کے معاملے پر کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ۔ گورنرپنجاب نے کہا وفاقی اورپنجاب حکومت اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے ، بدقسمتی سے ان حالات میں اپوزیشن کوئی مثبت تجویز دینے اور مثبت کردار ادا کر نے کی بجائے تنقیدی پالیسی اختیار کررہی ہے جو کسی بھی صورت درست نہیں۔