اسلا م آباد ،لاہور،پشاور،کراچی،حیدرآباد ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید60افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد8547ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے متاثرہ 57 افراد ہسپتالوں میں اور 3 افراد گھروں میں قرنطینہ کے دوران دم توڑ گئے جبکہ کورونا کے 2963نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد426412ہوگئی ، فعال کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور انکی تعداد45324ہو گئی،2498مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ372271صحتیاب ہو چکے ۔ ملک میں کوروناکے مثبت کیسز کی شرح 7.9 فیصد ہو گئی۔ 39 اموات وینٹی لیٹرز پر موجود مریضوں کی ہوئیں،پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں اسکے بعد دوسرے نمبر پر زیادہ اموات سندھ میں ہوئیں۔تشویشناک حالت کے مریضوں کی زیادہ تعداد پنجاب کے شہروں لاہور،ملتان اور راولپنڈی میں زیرعلاج ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید24مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی تعداد3242ہوگئی جبکہ613نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں225،راولپنڈی86،بہاولپور20،ملتان 29،سرگودھا30، فیصل آباد38اور مظفرگڑھ میں17کیسز رپورٹ ہوئے ۔ذرا ئع کے مطابق کیمپ جیل لاہور میں کورونا سے متاثر ایک اور قیدی سا منے آگیا، چند روز قبل بھی تین قیدیوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔جیل حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ قیدیوں کوقرنطینہ کردیا جاتا ہے ۔کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرراولپنڈی کے مزید19اور بہاولپورکے مزید 3علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیاگیا۔ادھر نشتر ہسپتال ملتان میں مزید6 مریض جاں بحق ہوگئے ۔خیبر پختونخوا میں مزید10مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 256نئے کیس رپورٹ ہوئے اور مزید 2 ڈاکٹر بھی کورونامیں مبتلا ہوگئے ، پروفیسر ڈاکٹر حسن شہزاد اور انکی اہلیہ پروفیسرڈاکٹر فریدہ ایبٹ اباد میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں کوروناکے مزید18 مریض انتقال کرگئے جبکہ 2003 نئے کیسزمیں سے 1720 کا تعلق کراچی سے ہے ۔ادھرحیدرآباد میں کورونامزید 6 افراد کی جانیں نگل گیا ۔ لطیف آباد یونٹ نمبر 5 میں نجی سکول کو حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر سیل کر دیاگیا جبکہ انتظامیہ کے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔سکول میں 100 سے زائدطلبہ عام لباس میں موجود تھے اور پابندی کے باوجود تدریسی عمل جاری تھا۔ لطیف آباد میں رات گئے تک کھلنے والے تین ریسٹورنٹس کو بھی سیل کردیا گیا۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں15لاکھ71ہزارسے زائدہوگئیں۔