اسلا م آباد ،لاہور،پشاور،کراچی،کوئٹہ ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید50افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد8653ہو گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 3047نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد432327ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد44582ہو گئی،2538مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ379092صحتیاب ہو چکے ۔ پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح 2 فیصد اور دنیا بھر میں 2.25فیصد ہے ۔لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد کامران بھی کورونامیں مبتلا ہوگئے ،فاضل جج نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا جبکہ انکی عدالت کو سائلین کیلئے بند کردیا گیا ۔معاون خصوصی ندیم افضل چن کے والد سابق ایم پی اے اور سابق صوبائی وزیر چودھری افضل چن بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔ ندیم افضل چن نے والد کی صحت یابی کیلئے عوام سے دعا کی اپیل کی ہے ۔ پنجاب یونیورسٹی آئی سی ایس ڈیپارٹمنٹ کے استاد نوید چودھری اور نیوز پروڈیوسر چودھری ارشاد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔ڈائریکٹر آئی سی ایس نوشینہ سلیم کاکہنا ہے کہ تمام سٹاف کے ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید19مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی تعداد3284ہوگئی جبکہ647نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہور میں سب زیادہ338 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ راولپنڈی میں 60اورفیصل آبادمیں41کیسز رپورٹ ہوئے ۔پنجاب بھر کے 242ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے 8ہزار 762بستر ہیں جن میں سے 3ہزار 280 کو آکسیجن کی سہولیات میسر ہیں اور اسوقت بھی 1250بستر خالی پڑے ہیں۔ادھر نشتر ہسپتال ملتان میں مزید3مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 163 زیر علاج ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں کوروناکے مزید23مریض انتقال کرگئے جبکہ1489نئے کیسزمیں سے 1076کا تعلق کراچی سے ہے ۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں مزید 3ڈاکٹر کورونا سے انتقال کرگئے ،ان میں جناح ہسپتال سے ریٹائرڈ ڈاکٹرطاہرامین چودھری، نجی کلینک کے ڈاکٹر وسیم الدین اورسابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر عبدالستارکوروائی شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اورچیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سندھ غلام قادر چانڈیو کوبھی کورونا ہوگیا۔ادھرحیدرآباد میں مزید4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید 87 مریض سامنے آگئے ۔میرپورخاص میں بھی 15 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔خیبر پختونخوا میں مزید5مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید232افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی ۔بلوچستان میں مزید 46 کیس رپورٹ ہوئے ۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں15لاکھ98ہزارسے زائدہوگئیں جبکہ کیسز کی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز کرگئی۔جرمنی میں کورونا کیسز اور ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ بن گیا،ایک ہی دن میں 30 ہزا رنئے مریض سامنے آگئے جبکہ 598ہلاک ہوگئے ۔عالمی وبا کورونا نے دنیا بھر میں سال نو کی آمد کے جشن کو بھی پھیکا کردیا ہے ۔فرانس میں نئے سال پر بڑی پارٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور ملک بھر میں اس دوران میوزیم، سینما اور تھیٹرز بند رہیں گے ۔ادھر امریکی ریاست کیلی فورنیا میں لاکھوں کی تعداد میں کورونا کیسز اور ہزاروں ہلاکتوں کے نتیجے میں سکولز بند کردیئے گئے ہیں۔برطانوی ہیلتھ سیکرٹری ہین کوک نے نو جوانوں میں کورونا پھیلنے پر اظہار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں میں کورونا ٹیسٹ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔دوسری جانب جنیوا میں ایک ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد ریسٹورنٹس کھول دیئے گئے جبکہ سکاٹ لینڈ کے بڑے حصے میں بھی کورونا پابندیاں نرم کردی گئی ہیں۔