اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید58افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد11376ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1873نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد535914ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد34412ہو گئی،2228مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل490126صحتیاب ہو چکے ۔ معروف اداکار علی عباس بھی کورونا میں مبتلاہوگئے وہ نامور اداکار وسیم عباس کے بیٹے ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید40مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ 700نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد4608ہوگئی ۔ لاہورمیں395،راولپنڈی26،فیصل آبادمیں45کیسز رپورٹ ہوئے ۔لاہورمیں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول وارث کالونی کا نہم جماعت کا طالبعلم محمد موشارب بھی کورونا میں مبتلا ہوگیا۔ ادھرنشتر ہسپتال ملتان میں مزید 3 کورونامریض چل بسے جبکہ زیر علاج مصدقہ مریضوں کی تعداد 24ہو گئی۔علاوہ ازیں سندھ حکومت نے کورونا ویکسین کی خریداری کا آرڈر دیدیا جس کے تحت صوبہ میں فروری کے پہلے ہفتے سے ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسینیشن شروع ہوجائیگی۔ محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ کورونا ویکسن یکم فروری کو کراچی پہنچے گی۔ایک سال سے جاری وبا کے بعد پہلی بار مظفرآباد میں گزشتہ 4 روز سے کورونا کا کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا جس پرعوامی حلقوں میں خوشی کی لہر دڑ گئی جبکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت عامہ نے عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں 21لاکھ 59ہزارسے زائد ہو گئیں۔کولمبیا کے وزیر دفاع کارلوس ہومزبھی چل بسے ۔اٹلی کے وزیر اعظم گوئسیپ کونٹے کورونا وبا پر قابو پانے میں ناکامی پر عوامی مظاہروں کے بعد مستعفی ہوگئے ۔نیدرلینڈز میں سیاسی رہنمائوں اور مقامی عہدیداروں نے کورونا پرملک گیر کرفیو کیخلاف پرتشدد مظاہروں اورپولیس کیساتھ جھڑپوں کی مذمت کی جن میں اب تک 240 مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔اینڈوون شہر میں مظاہرین نے کاروں کو نذر آتش کیا، کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ ے اور پولیس پر پتھرائو کیا۔مظاہرین نے کرفیو کیخلاف احتجاج کے دوران ایک سپر مارکیٹ اور دیگر دکانوں کو بھی لوٹ لیا۔ایمسٹرڈیم میں سینکڑوں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو کیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ بعض مقامات پر مسلح مظاہرین نے بھی پولیس پر حملہ کیا۔ سیاسی رہنمائوں نے مظاہرین کوزمین پر فسادی قرار دیا اورخانہ جنگی کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔ نیدرلینڈز کے وزیر اعظم مارک روٹے نے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے ۔برطانیہ میں کورونا اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو درپیش تکلیف اور غم کا اندازہ لگانا مشکل ہے ۔وبا کے دوران جو کچھ غلط ہوا اس سے ہمیں سیکھنے کی ضرورت ہے ۔روسی وزیر خارجہ سے ماسکو میں ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بتایا کہ ایران نے روس کی سپوتنک وی ویکسین کی منظوری دیدی ، مستقبل قریب میں ویکسین خریدی جائیگی اور اسکی مشترکہ تیاری کیلئے کوششیں بھی کی جائینگی۔ آسٹریا میں1417نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ 64افراد ہلاک ہو گئے ،حکومت نے پبلک مقامات پر ایف ایف پی 2ماسک پہننا لازم قرار دیدیا ۔