اسلا م آباد ،لاہور،راولپنڈی،مندرہ، ملتان، کراچی، پشاور، کوئٹہ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید21 افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد7021ہو گئی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں1708نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 348184ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 21098ہو گئی،1109مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور320065صحتیاب ہو چکے ۔این سی او سی نے وبائی امراض کی دوسری لہر کے دوران کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرنے اور زیادہ خطرے والے علاقوں میں پابندیاں بڑھانے کی تجویز پیش کی۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدام اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کے اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں وبائی مرض کے اعداد و شمار اور بیماریوں کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔فورم کو بتایا گیا کہ این سی او سی نے اپنے حتمی فیصلے کیلئے قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کو 12 اکتوبر اور 3 نومبر کو بڑے عوامی اجتماعات اور بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کیلئے تجاویز پیش کی تھیں۔تاہم تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے فیصلے پر اتفاق رائے ہونا باقی ہے اسکے باوجود بیماری میں 3 گنا اضافہ دیکھا گیا۔ فورم کو بریفنگ دی گئی کہ تعلیمی اداروں میں وبا کا تناسب بڑھ رہا ہے جبکہ اس صورتحال پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔فورم نے فیصلہ کیاکہ 16 نومبر کو وفاقی وزیر تعلیم این سی او سی میں صوبائی وزرائے تعلیم کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرینگے جس میں عمومی طور پر ملک میں وبا کے پھیلائو کے رجحان کا جائزہ لیا جائیگا جس کا مقصد ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موجود مثبت رجحان کا جائزہ لینا ہے ۔مشاورتی اجلاس کے بعد اسکے نتیجے میں ہونیوالے فیصلے اور نفاذ کیلئے سفارشات صوبوں کیساتھ شیئر کی جائینگی۔فورم نے تعلیمی سال کے اہداف کو پہنچنے والے نقصان سے بچنے کیلئے اور کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر یہ تجویز پیش کی کہ جلد اور طویل موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا جائے تاکہ وبا کے پھیلاؤ کو کم کیا جا سکے اور اس کیساتھ ساتھ طلبہ کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ این سی او سی نے شادی کی تقریبات کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ تمام رہنما اصول شیئر کئے ہیں جن کے تحت 20 نومبر سے صرف باہر شادیوں کے اجتماعات کی اجازت ہو گی اور ان میں صرف 500 افراد کی شرکت کی اجازت ہو گی۔اجلاس میں این سی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا جس میں زیادہ خطرے والے شعبوں اور اس وائرس کے زیادہ سے زیادہ پھیلائو والے شہروں پر مزید پابندیاں بڑھانے کی بھی سفارش کی گئی بالخصوص بڑے عوامی اجتماعات پر۔این سی او سی نے مساجد میں اب تک ایس او پیز پر عملدرآمد کو سراہا جس پر پچھلے کئی ماہ سے بھرپور عملدرآمد کرایا جا رہا تھا، تاہم فورم نے اس بات کی نشاندہی کہ گزشتہ کچھ دنوں سے حفاظتی تدابیر پر کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ، انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ انہی ایس او پیز پر عملدرآمد زیادہ موثر اور بہتر بنائیں تاکہ کوروناکی ممکنہ دوسری لہر سے بچا جا سکے ۔این سی او سی نے اپنی سفارشات اور تجاویز تمام سٹیک ہولڈرز کی آرا شامل کرنے کے بعد این سی سی کو بھیج دیں ، قومی قیادت ملک بھر میں نفاذ کیلئے منظوری دیگی۔تجویز کردہ اقدامات کے مطابق تمام عوامی اجتماعات جن میں 500 سے زائد افراد شریک ہونگے پر مکمل پابندی ہو گی جن میں سیاسی، ثقافتی، مذہبی،تفریحی اور سول سوسائٹی کی تقریبات شامل ہیں۔ریسٹورنٹس میں باہر بیٹھ کر کھانا کھانے اور ٹیک اوے کی سہولت رات 10 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہو گی۔ فورم نے یہ تجویز بھی دی کہ سینما اور تھیٹرز اور مزارات کو فی الفور بند کر دیا جائے جبکہ مارکیٹس اور کاروباری مراکز کو جلدی بند کرنے اور مخصوص دنوں میں بند کرنے کی سفارش بھی پیش کی گئی۔دریں اثنا اسلام آباد میں مزید 5 تعلیمی ادارے کورونا کیسز رپورٹ ہونے پرسیل کردیئے گئے ۔راولپنڈی میں تین سرکاری سکولوں کو سربمہر کر دیا گیا،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مندرہ کی 2 طالبات سمیت تین افراد کے ٹیسٹ پازیٹو آگئے ۔لاہور میں ایل ڈی اے کے ایک اور افسراسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ناصر مقبول بھی وائرس میں مبتلا ہو گئے ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس سمارٹ لاک ڈاؤن کیلئے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے ۔ملتان میں گردیزی مارکیٹ گلگشت میں 2 نئے کیس سامنے آ نے متاثرہ سٹریٹ کو سیل کردیا گیا۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے متعدد ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ میں مزید 14 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 720 نئے کیسز میں سے 522 کا تعلق کراچی سے ہے ۔خیبر پختونخوا میں مزید آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے ۔بلوچستان میں مزید 31 کیس رپورٹ ہوئے ۔دنیا بھر میں ہلاکتیں 1286342سے زائدہوگئیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے ۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ 60 ہزار سے زائد افراد کو بیماری کی وجہ سے مختلف ہسپتالوں میں داخل کیا گیا۔کئی ماہرین صحت نے وارننگ جاری کی کہ امریکی ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے ۔امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد2 لاکھ 39 ہزار سے زائد ہوچکی ہے ۔ دنیا بھر میں ڈیڑھ کروڑ مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔