کراچی(کامرس رپورٹر)کورونا کی وجہ سے ملک میں صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں ۔گزشتہ مالی سال بڑی صنعتوں کی پیداوار منفی10.17فیصد ریکارڈ کی گئی۔ البتہ رواں سال مئی کے مقابلے میں جون میں پیداوار17فیصد بڑھ گئی۔وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2019-20ئبڑی صنعتوں کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔جولائی 2019ء سے جون 2020ء تک 15 بڑی صنعتوں میں سے 12 کی پیداوار44 فیصد تک گرگئی جن میں گاڑیاں اور لکڑی کی مصنوعات شامل ہیں۔اس دوران الیکٹرانکس 35فیصد،پٹرولیم مصنوعات20فیصد جبکہ ملکی معیشت کے اہم ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار 10 فیصد گرگئی۔وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق لوہے اوراسٹیل سیکٹر کی پیداوار منفی 17فیصد رہی۔ کیمیکلزکی پروڈکشن منفی 8 فیصد اور چمڑے کی مصنوعات منفی 9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ فارماسوٹیکل،فوڈ بیوریجز، منرلز کی کارکردگی بھی خراب رہی البتہ گزرے برس کھاد سیکٹر4فیصد، پیپر بورڈ 2فیصد جبکہ ربڑمصنوعات کی پیداوار میں 3فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق جون 2019ء کے مقابلے جون 2020ء میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 7.74 فیصد کمی آئی البتہ مئی 2020ء کے مقابلے میں جون میں پیداوار 16.81 فیصد بڑھ گئی۔