ٹوکیو (نیٹ نیوز، آن لائن )کورو نا وائرس جاپان سے تعلق رکھنے والے نامور کامیڈین کین شمورا کی جان بھی لے گیا۔70 سالہ کین شمورا نے کامیڈی میں اپنے کیریئر کا آغاز 1970 سے کیا، رپورٹس کے مطابق وہ پھیپھڑوں کے کینسر کا شکار بھی تھے جس کی سرجری انہوں نے 2016 میں کروائی۔رواں سال 19 مارچ کو کین شمورا کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا جبکہ بخار کی کیفیت بھی ہوئی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔1970 سے 1980 کے دوران وہ ٹی وی پر چھائے رہے ، جبکہ ان کی کامیڈی کا انداز بے مثال سمجھا جاتا تھا۔ ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔جاپان کی حکومت کے ترجمان اور کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشی ہائیدی سوگا نے بھی ایک نیوز کانفرنس کے دوران کامیڈین کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا۔