اسلام آباد ،لاہور ،ملتان ،نیویارک ( وقائع نگار، جنرل رپورٹر ،سپیشل رپورٹر ،ایجنسیاں ) کورونا کے باعث ملک بھر میں مزید 56مریض انتقال کر گئے جس کے بعد انتقال کرنے والے کل مریضوں کی تعداد11802تک پہنچ گئی ، 1384نئے کیسز سامنے آئے اور متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ49ہزار32تک پہنچ گئی ، ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا آغاز ہوگیا، وفاق میں اسد عمر نے افتتاح کیا، پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی، پہلی ڈوز کے 21 دن بعد دوسرا انجکشن لگے گا ۔ این سی اوسی کی جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا5 کے لاکھ 4ہزار46 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد33184تک پہنچ گئی، تشویشناک مریضوں کی تعداد2016 تک پہنچ گئی ، دوسری لہر کے دوران مثبت کیسزمیں نمایاں کمی ہوئی ،صورتحال دس نومبر سے قبل کے حالات کی جانب واپس آگئی۔ خیرپورکے مشہورڈاکٹرچیلارام کورونا وائرس کے باعث چل بسے ،سندھ بھر میں کورونا کے باعث بند مزارات کھول دیئے گئے ۔ پنجاب میں کورونا کے 573نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق مزید13ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ لاہور330،راولپنڈی16،سرگودھا18،ساہیوال2، فیصل آبادمیں41 ، گجرات26،شیخوپورہ4، سیالکوٹ13،اوکاڑہ میں 19 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ اسلام آباد میں کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے این سی او سی میں تقریب ہوئی، افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر اسد عمر اور قومی کوآرڈینیٹر این سی او کے لیفٹیننٹ جنرل حمود الز مان خان نے ویکسی نیشن کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر کمرشل وزیر کونصلر چین ژی ژائو ژیانگ مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب میں فواد چودھری ، ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں ، ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون اور حکومت کی کوششوں سے کورونا پر قابو پایا، پاکستان کی حکمت عملی کامیاب رہی ، مشکل صورتحال میں چین کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔ جبکہ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام اکائیاں ایک ہی وقت پر کورونا ویکسی نیشن شروع کر رہی ہیں میو ہسپتال سے ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا ، آج سے پنجاب میں ویکسین لگا ئی جائیگی ۔ ڈاکٹریاسمین راشدکی موجودگی میں ہیلتھ کئیرورکرزکو کوروناویکسین لگائی گئی ۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس ابھی کہیں گیانہیں بلکہ ہم نے پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکراس وبا کامقابلہ کرناہے ۔ پنجاب میں ویکسین لگانے کیلئے ہسپتالوں میں 80 ویکسی نیشن سنٹرز قائم کر دیئے گئے ،کورونا ویکسین مکمل سیکورٹی انتظامات کے ساتھ پنجاب بھر میں متعلقہ مقامات تک پہنچائی جانے لگی ۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ ویکسین کی ترسیل کے دوران سیکورٹی کا ہونا لازم تھا۔ تین طالبات کی کورونا رپورٹ مثبت آنے پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نشاط کالونی کو کو 15 روز کیلئے بند کردیا۔سیالکوٹ میں ایس ایچ او بیگووالہ سب انسپکٹر زبیر ممتاز وڑائچ اور تھانہ کینٹ میں تعینات سب انسپکٹر عمران اسلم میں کورونا کی تصدیق ہونے پر دونوں کو گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا ۔ دریں اثنا دنیا بھرمیں ہلاکتیں2262733ہو گئیں ،مصدقہ کیسز10کروڑ43لاکھ91ہزار سے تجاوز کر گئے ۔ امریکہ کورونا سے متاثرہ ممالک میں پہلے ،بھارت دوسرے نمبر پر ہے ۔ متحدہ عرب امارات میں سکولوں کی تعلیمی سرگرمیاں 14فروری سے بحال ہو جائیں گی، برطانوی ماہرین نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ارتقاء کے بعد مزید خطرناک ہوگئی ہے ۔عالمی ماہرین نے روسی کورونا ویکسین سپوتنک فائیو کو محفوظ اور موثر قرار دیدیا۔ برطانوی طبی جریدے کی رپورٹ کے مطابق حتمی مراحل میں یہ ویکسین 91.6فیصد موثر ثابت ہوئی ہے ۔