اسلام آباد،لاہور، کراچی ( لیڈی رپورٹر ، خبر نگار خصوصی،جنرل رپورٹر ، اپنے رپورٹرسے ،کر ائم رپو رٹر ،سٹاف رپورٹر، نمائندہ92 نیوز) ملک بھر میں کورونا کے مزید 49 مریض انتقال کر گئے جبکہ 2085 نئے کیس سامنے آگئے ۔سندھ میں ایک روز میں 14 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کیمطابق متاثرین کی مجموعی تعداد259999جبکہ اموات 5475ہو گئیں۔183737مریض صحت یاب ہو چکے ،ایکٹو کیسز70787ہیں۔ ملک کے 733 ہسپتالوں میں 2939 مریض زیر علاج ہیں۔1895مریضوں کی حالت تشویشناک،323 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23907 ٹیسٹ کیے گئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاہے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 14027 مریض صحتیاب ہوئے جبکہ 30 مزید مریض انتقال کرگئے ، 1170 نئے کیس سامنے آئے ۔ صحتیاب مریضوں کی تعداد 88103 ہوگئی جو 79 فیصد شرح بنتی ہے ۔اسلام آباد میں کورونا کیسوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف 52 کیس رپورٹ ہوئے ۔کورونا کا شکار سپیکر آزادکشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر کی طبعیت بگڑ گئی ،ملٹری ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکے مطابق پنجاب میں مزید 8مریضوں کی ہلاکت کے بعد صوبے میں اموات 2059ہو گئیں جبکہ 484نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔ متاثرین کی تعداد 89023ہو گئی ۔ لاہور 178،ننکانہ8،قصور3،شیخوپورہ5،راولپنڈی36،جہلم7،گوجرانوالہ 17،سیالکوٹ29،نارووال1،گجرات46،حافظ آباد6،منڈی بہاؤالدین9، ملتان9،خانیوال1،فیصل آباد24،چنیوٹ2،ٹوبہ6اور جھنگ 3، رحیمیار خان 11 ،سرگودھا16،خوشاب3،بھکر14،بہاولنگر3، بہاولپور20،ڈی جی خان3،مظفرگڑھ6،راجن پور 2،لیہ6،ساہیوال7،اوکاڑہ 1اورپاکپتن میں 2کیس رپورٹ ہوئے ۔ ابتک صوبہ میں 626367ٹیسٹ کیے جا چکے ۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے مختص 8902میں سے 8194بیڈخالی ہیں۔ لاہور میں2385میں سے 2184 بیڈخالی ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونامریضوں کیلئے مختص 600 میں سے 507 وینٹی لیٹرزخالی ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 198 مریضوں نے کورونا وائرس کو شکست دی۔ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی لاہور خالد محمود افضل کورونا کا شکار ہوگئے ۔ ان کا پی کے ایل آئی ہسپتال میں علاج جاری ہے ۔ ملک بھر میں ماسک کی پابندی سمیت ایس اوپیزکی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔لاہور میں 75 عوامی مقامات کی انسپکشن کی گئی اور 9 خلاف ورزیاں پائی گئیں جبکہ 4 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔1423 دکانوں اور پپلک ٹرانسپورٹس کو چیک کیا گیا ۔ 147 دکانوں پر خلاف ورزی پائی گئی ، 25 دکانوں کو سیل کیا گیاجبکہ 122 گاڑیوں کو بند کیا گیا۔ 51300 روپے کے جرمانے کئے گئے ۔دنیا بھر میں کورونا متاثرین ایک کروڑ 41لاکھ جبکہ اموات5لاکھ 95ہزار سے بڑھ گئیں ۔بھارت میں متاثرین کی تعداد 10لاکھ جبکہ اموات 26ہزار سے تجاوز کر گئی۔کوروناکا شکار بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے اور انکی بیٹی کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔امریکہ میں ایک روز میں ریکارڈ 75 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ۔امریکہ نے یورپی طلبہ پر عائد سفری پابندیوں میں چھوٹ دیدی ۔برازیل میں کورونا مریضوں کی تعداد 20 لاکھ سے بڑھ گئی۔صدر بولسونارو بھی مہلک وائرس کا شکار ہیں، آئسولیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وائرس سے زیادہ لوگ لاک ڈائون کی وجہ سے مر جائیں گے ۔ زیادہ دیر تک معاشی پابندیاں برقرار نہیں رکھ سکتے ۔سنکیانگ کے دارالحکومت اُرومچی جانے والی 600 سے زیادہ پروازیں اسلئے منسوخ کر دی گئیں کیونکہ شہر میں کورونا کے متاثرہ شخص کی تصدیق ہوگئی۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کرسمس تک حالات معمول پر آ جائینگے ، ملک میں اکتوبر کے اواخر تک پانچ لاکھ ٹیسٹ روزانہ کیے جائیں گے ۔سویڈن اس وقت نئے کورونا کیسز کے اعتبار سے یورپ بھر میں سب سے آگے ہے ۔اقوام متحدہ کی جانب سے کورونا سے مقابلے کیلئے 10.3 ارب ڈالر کی امداد جمع کی جا رہی ہے ، یہ اب تک امداد کی سب سے بڑی اپیل ہے ۔