اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،کوئٹہ،نیویارک (جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں کورونا سے مزید5افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد6479ہو گئی جبکہ کیسز بڑھنے پر کراچی میں پہلا مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں747نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد312263ہوگئی جبکہ ایکٹوکیسز کی تعداد 8903ہو گئی،467مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور296881صحتیاب ہو چکے ۔سندھ میں سب سے زیادہ مریض ہیں جن کی تعداد 136795 ہو گئی۔ وفاقی وزیر اسدعمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں سیکرٹری صحت سندھ نے بتایا کہ کراچی میں سب سے زیادہ 365 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ جس پروزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سمارٹ لاک ڈائون کی تجویز پیش کی۔میرپورخاص کے ڈپٹی کمشنرزاہد حسین میمن بھی کورونا کی وجہ سے وفات پا گئے ،وہ کچھ روز سے نجی ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے ۔دریں اثناکورونا کیسز سامنے آنے پر کراچی میں منگھوپیر یو سی 8 میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نا فذ کردیا گیا ۔سندھ حکومت نے ایس اوپیزکی خلاف ورزی پرریسٹورنٹس اورمیرج ہالز کوبندکر نے کافیصلہ کرلیا۔کمشنرکراچی کے مطابق کم ازکم3روزکیلئے ریسٹورنٹس اورمیرج ہالزبندکئے جائینگے ۔ پارکس میں بھی بغیرماسک داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔کمشنرنے ہدایت کی کہ ایس اوپیز خلاف ورزی پرسکول بند اور صنعتوں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزیدکوئی ہلاکت نہیں ہوئی،تاہم86نئے کیس سامنے آگئے ۔ پنجاب کے سرکاری اور نجی پرائمری سکولز 6 ماہ سے زائدبند رہنے کے بعد دوبارہ کھلنے پر ننھے طلبہ سکول پہنچ گئے ۔سرکاری سکولوں میں آنیوالے متعدد بچوں اور انکے والدین نے ماسک پہنے نہ سماجی فاصلے کا خیال رکھا ۔ وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے لاہور کے مختلف سکولوں کے ہنگامی دورے کئے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ۔ ادھربلوچستان کے تعلیمی اداروں میں 16 نئے مریض سامنے آگئے اور 15 روز کے دوران کل تعداد 541 ہوگئی۔کورونا کے باعث بھارت میں پھنسے مزید 100 پاکستانی واہگہ بارڈر سے وطن واپس پہنچ گئے ۔عالمی ادارہ صحت نے کورونا کیخلاف موثر اقدامات پر پھر پاکستان کی تعریف کی ہے ۔برطانوی آن لائن اخبار کے کالم میں سربراہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ پاکستان نے کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیو انفرا سٹرکچر استعمال کیا، اس حکمت عملی سے وائرس کا پھیلاؤ کم ہوا، معیشت بھی پھر بہتر ہورہی ہے ۔دنیا بھر میں کورونا سے 1016163اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد 34066170 ہوگئی۔امریکہ میں مریضوں کی تعداد 7429,930ہو گئی،مزید574 اموات کے بعد 211359 جان کی بازی ہار چکے ۔بھارت میں 82124نئے کیس سامنے آئے ، مزید 1087چل بسے ،کل 98616ہلاک ہوچکے ،مجموعی کیسز 6305643ہوگئے ۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے ویڈیوبیان میں کہا کہ کورونا کا پھیلائو روکنے کیلئے یکجہتی اہم ہتھیار ہے ۔ وائرس کو شکست دینے ، انسانی زندگیوں کو بچانے اور ہمارے مستقبل کا دارومدار باہمی یکجہتی پر ہے ۔