اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92نیوزرپورٹ،بیورورپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید47افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد11204ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1745نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد528891ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 34916ہو گئی،2362مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل482771صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید22مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ 555نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 365،راولپنڈی20،فیصل آبادمیں47کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ادھرنشتر ہسپتال ملتان میں مزید 3 کورونامریض چل بسے ۔پاکپتن میں ایک ٹیچر اور ایک طالبہ میں کورونا کی تصدیق پرگاؤں 155ای بی کا گورنمنٹ گرلز سکول سیل کر دیا گیا ۔ گورنمنٹ ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ایڈیشنل کنٹرولر ملک ذیشان اسلم میں کورونا کی تصدیق پر وائس چانسلر ریحانہ کوثر نے آئی ٹی اور بی بی اے ڈیپارٹمنٹ کو بند کرکے تمام ملازمین کو گھروں میں قرنطینہ کرنیکا حکم دیدیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید20کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 748نئے کیسزمیں سے 573کراچی سے سامنے آئے ہیں۔حیدرآباد میں مزید 32 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں شاپنگ مالز کی ہفتہ وار بندش ختم کر دی اور پورے ہفتے کھلے رکھنے کی اجازت دیدی۔محکمہ داخلہ سندھ کے نئے حکم نامہ کے مطابق مالز کو سخت ایس او پی پر عملدرآمد کرنا لازمی ہوگا جبکہ ہاٹ سپاٹ ایریا زکے مالز پر مذکورہ فیصلہ پر لاگو نہیں ہوگا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں 21لاکھ8ہزارسے زائد ہو گئیں۔امریکہ میں مسلسل 2 روز کورونا سے تقریبا 4 ہزار اموات ہوئیں۔امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ امریکہ آنیوالے مسافروں کو قرنطینہ میں رہنا ہوگا، کورونا سے اموات کی تعداد اگلے ماہ 5 لاکھ سے بڑھ سکتی ہے ۔ادھربرطانیہ میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرکے پارٹی میں شرکت کرنیوالوں کو 800 پائونڈ جرمانہ دینا پڑیگا۔صورتحال خراب ہونے کے سبب برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے لاک ڈائون ختم کرنے کی تاریخ دینے سے گریز کیا ہے ۔ کورونا کیسز میں اضافے پر لندن کی 2بسوں کو عارضی ایمبولینس میں تبدیل کردیا گیا۔ کورونا سے بچا ئوکیلئے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانے کے سلسلے میں دبئی کے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں تفریحی سرگرمیاں عارضی طور پرمعطل کردی گئیں،یہ فیصلہ سیاحت کے سیکٹر سے متعلق تمام شعبوں میں تا حکم ثانی نافذ العمل ہو گا۔یورپی یونین کے رہنمائوں نے سرحدیں کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ،تاہم ٹیلی کانفرنسنگ کے بعد آئندہ دنوں میں کچھ سفری پابندیوں سے بھی متنبہ کرنے ہوئے کہا ہے کہ لوگ یورپی ممالک کے درمیان انتہائی ضرورت کے علاوہ سفر کرنے سے اجتناب برتیں۔جرمن چانسلر نے کورونا کی وبا سے نمٹنے کیلئے جرمنی میں حفاظتی اقدامات سخت کرنے اور پابندیوں کی مدت مزید دو ہفتے بڑھانے کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ اب بھی شرح اموات کافی زیادہ ہے ۔ تاہم حفاظتی پابندیوں کا اب فائدہ ہو رہا ہے اور نئے کورونا کیسزمیں کمی واقع ہو رہی ہے ۔