اسلام آباد،لاہور،کوئٹہ،نیویارک،نئی دہلی، ریاض، جنیوا ،برلن (جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز) مہلک وبا کورونا سے ملک بھر میں مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 6283 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی ) کے مطابق ملک میں کورونا کے 415نئے کیس رپورٹ ہونے سے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 53 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 483 نئے ٹیسٹ کئے گئے ، اب تک 2 لاکھ 79 ہزار 937 مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ 644 کی حالت تشویشناک ہے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں 96نئے کیسوں کے بعد، تعداد96,636 ہو گئی۔ لاہورمیں 53،شیخوپورہ1،راولپنڈی3،گوجرانوالہ 6، سیالکوٹ5،فیصل آباد 5،چنیوٹ 2،ٹوبہ2کیس رپورٹ ہوئے ۔ کورونا سے مزید2اموات ہوئیں۔ کورونا کو شکست دینے والے 92,421 ہو چکے ۔محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق صوبہ میں62نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں۔ غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق کوورونا سے دنیا بھرمیں اموات838,585 ہوگئیں،مصدقہ کیس 24,797,359ہو گئے جبکہ17,206,780افراد صحت یاب ہو چکے ، ایکٹوکیسز6,751,994ہیں۔ امریکہ کورونا سے متاثر ہ ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں 60 لاکھ 46 ہزار سے زائد افراد متاثر اور1 لاکھ 84 ہزار796 اموات ہوچکی ہیں۔بھارت میں ریکارڈ 77266 نئے کیس سامنے آئے ، متاثرین 3387501 ہوگئے جبکہ مزید1019اموات سے ہلاکتیں62,713ہوگئیں۔برازیل میں مریضوں کی تعداد 37لاکھ64ہزار سے زائد ہو گئی اور مزید 970افراد جان کی بازی ہار گئے ، اموات کی تعداد ایک لاکھ18 ہزار726 تک پہنچ گئی ۔روس میں اموات 16 ہزار 804 ہوگئیں ۔جنوبی افریقہ میں ہلاکتیں 13 ہزار628 ہو گئیں۔ میکسیکو میں 5 لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 62 ہزار 594 اموات ہوچکی ہیں۔سعودی عرب میں کورونا کا خطرہ کم ہونے پر تفریحی سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہو گئیں۔ جببیل اور الاحسا میں سینما گھرکھول دیئے گئے ،شہریوں کی بڑی تعدادامڈ آئی اور فلم سن آف آن لائن دیکھی، رواں سال کے آخر تک تمام سینما گھر کھول دیئے جائینگے ۔جنیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت ٹیڈروس نے کہا کہ متعدد علاقوں میں وبا نے دوبارہ سراٹھانا شروع کردیا۔ اکثر نئے کیسز کا تعلق عوامی اجتماعات کے مقامات مثلا سٹیڈیم، نائٹ کلبوں اور عبادت گاہوں سے ہے ۔ ڈبلیو ایچ او ایمرجنسی پروگرام کی ٹیکنیکل ہیڈ ماریا وان کیرخووے نے سماجی فاصلوں پر عمل نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے بچنے کیلئے صرف ماسک پہننا کافی نہیں ،لوگوں کو چھ فٹ فاصلہ برقرار رکھنا ، ہاتھوں کو بھی بار باردھونا چاہئے ۔ جرمنی نے ہائی رسک والے علاقوں سے واپس لوٹنے والے تمام لوگوں کیلئے 14دنوں کا قرنطینہ لازمی قرار دیدیا ۔جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے کہا کہ توقع ہے کہ کورونا ویکسین آئندہ برس کے آغاز تک دستیاب ہو جائیگی،لیکن اتنی نہیں ہوگی کہ پوری ملکی آبادی کو دی جا سکے ۔