اسلا م آباد ،لاہور،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید75افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد13013ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1388نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد583916ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد16648ہو گئی،1561مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل554225صحتیاب ہو چکے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کے روبرو زینب مزرا کی بچوں کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا پیش نہ ہوئے جبکہ سرکاری وکیل نے بتایا کہ وہ کورونا پر قرنطینہ میں ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید50مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ712نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد5441ہوگئی ۔ لاہورمیں 492،قصور 3،شیخو پورہ11،راولپنڈی33،گوجرانوالہ16، ملتان40اورفیصل آبادمیں35کیسز رپورٹ ہوئے ۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول وفاقی کالونی کو کلاس دہم کی 3 طالبات کی کورونا رپورٹ مثبت آنے پر10روز کیلئے بند کردیا گیا۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چڑڑ پنڈ میں بھی دہم کی ایک طالبہ متاثرہوگئی ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں25لاکھ65ہزارسے زائد ہو گئیں۔اٹلی میں لاک ڈائون میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی۔امریکہ کی 2ریاستوں ٹیکساس اور مسی سپی میں کورونا پابندیاں ختم کرنیکا اعلان کردیا گیا،جس پر ڈائریکٹر سی ڈی سی نے تشویش کا اظہار کیا ۔جرمنی میں لاک ڈائون کے خاتمے کیلئے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں ۔سعودی عرب میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آنے کو ایک سال مکمل ہونے پر ہرسال2 مارچ کو قومی یوم شہدائے صحت منانے کا اعلان کیا گیا،جس کا مقصد اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے طبی کارکنوں، ڈاکٹروں کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے ۔ طائف میں معذور اور ضعیف شہریوں کو گھروں میں جاکر کورونا ویکسین لگانے کی مہم بھی شروع کردی گئی ۔